ہاکی سمیت تمام عالمی ٹورنامنٹ کرانے کیلئے تیار ہیں ،ریاض حسین پیرزادہ

جمعرات 25 فروری 2016 14:41

ہاکی سمیت تمام عالمی ٹورنامنٹ کرانے کیلئے تیار ہیں ،ریاض حسین پیرزادہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کوبتایا گیا ہے کہ مردم شماری حساس معاملہ ہے ‘ہر ادارہ اس میں شامل ہو گا ‘ ہاکی سمیت تمام عالمی ٹورنامنٹ کرانے کیلئے تیار ہیں ‘ ملک میں امن حکومت اور فوج کی مدد سے آیا ‘جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہو اہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ مردم شماری حساس معاملہ ہے، ہر ادارہ اس میں شامل ہو گا اور اس معاملے پر تمام انتظامات مکمل ہیں تاہم حتمی فیصلہ سی سی آئی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری ہر لحاظ سے فول پروف ہو گی۔ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی سے محفوظ ملک بن چکا ہے، ہاکی سمیت تمام عالمی ٹورنامنٹ کرانے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے بتایا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہو اہے۔ وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایوان کو بتایا کہ جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی نوے فیصد مصنوعات کی ڈیوٹی کے بغیر یورپی یونین کے اٹھائیس ملکوں تک رسائی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی برآمدات میں تنوع کے ذریعے جی ایس پی پلس سے مزید استفادہ کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرقی یورپی ملکوں کیلئے برآمدات کے مواقع تلاش کر رہا ہے۔خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت فعال سفارتکاری اور مختلف ملکوں کے ساتھ آزادانہ تجارت اور ترجیحی تجارت کے معاہدوں کے ذریعے مقامی تاجروں کیلئے عالمی منڈیوں میں زیادہ بہتر رسائی کیلئے کوشاں ہے۔ایک سوال پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت جلد ای کامرس فریم ورک کا اجراء کرے گی جس کے تحت برآمد کنندگان اپنی مصنوعات کی آن لائن تشہیر اور انہیں فروخت کر سکیں گے۔

خرم دستگیر نے ایوان کو بتایا کہ افغانستان کے ساتھ راہداری تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے وزیر تجارت نے بتایا کہ ملک میں امن حکومت اور فوج کی مدد سے آیا ہے اور امن بحال ہونے سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، یکم جولائی سے برآمدات پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ پروٹیکشن کیلئے نیا قانون لا رہے ہیں۔ اجلاس کے دور ان وزارت خارجہ نے بھارت کی امرتسر جیل میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کردی ۔پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس وقت 22 پاکستانی امرتسر جیل میں قید میں جن میں سے 6 پاکستانیوں کے کوائف کی تصدیق کی جارہی ہے ،جن 6 قیدیوں کے کوائف کی تصدیق کی جارہی ہے ان میں سے 4 گونگے ہیں۔

متعلقہ عنوان :