پی سی بی نے کمار سنگاکارا کو قومی ٹیم کا مینٹور بنانے پر غور شروع کردیا

رچرڈز سے معاہدہ طے نہیں پاسکا ، کمار سنگاکا را کے نام پر غور ہورہا ہے ، شہریار خان

جمعرات 25 فروری 2016 14:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیجنڈری ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈ ز سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد اب سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کو قومی ٹیم کا مینٹور بنانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرویوین رچرڈز نے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کا سرپرست مقرر ہونے کے لیے بہت پیسے مانگے تھے جس کی وجہ سے ان سے معاہدہ طے نہیں پاسکا ، اب کرکٹ بورڈ اس عہدے کے لیے کمار سنگاکا را کے نام پر غور کررہاہے تاہم ابھی یہ فیصلہ بھی کیا جانا باقی ہے کہ اس فیصلے سے قومی ٹیم کو کوئی فائدہ ہوگا یا نہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سر ویوین رچرڈز کو قومی ٹیم کا مینٹور مقرر کرنے کے لیے 30سے 40ہزار ڈالرز کی آفر کی تھی تاہم سابق ویسٹ انڈین کپتان نے 80ہزار ڈالرز کا مطالبہ کیا جس پر ان کا پی سی بی سے معاہدہ نہیں ہوسکا تھا۔