مظفر آباد میں” وزیراعظم قومی صحت پروگرام“کا آغاز،مستحق افراد میں صحت کارڈ تقسیم

میڈیکل کالج کیلئے 2بسیں اور 10کروڑ کا اعلان ، قومی صحت کے معاملے میں کوئی اختلافات نہیں، علاج کیلئے لوگوں کی جائیدادیں بکتی دیکھیں، پہلی مرتبہ غریب لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر ہو رہی ہیں، سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، پروگرام کو گلگت بلتستان اور فاٹا میں بھی شروع کریں گے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے،بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے کارخانے لگائے، نئی سڑکیں اور موٹرویز بنا رہے ہیں، ماضی کی حکومتیں عوامی منصوبوں پر توجہ دیتیں تو ملک کہیں آگے کھڑا ہوتا وزیراعظم نواز شریف کا مظفر آباد میں قومی صحت پروگرام کی تقریب سے خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 13:23

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے مظفر آباد میں”قومی صحت پروگرام“کا آغاز اورمقامی میڈیکل کالج کیلئے 2بسیں اور 10کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی صحت کے معاملے میں کوئی اختلافات نہیں،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) ایک صف میں کھڑی ہیں،میں نے علاج کیلئے لوگوں کی جائیدادیں بکتی دیکھی ہیں، قومی صحت پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ غریب لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر ہو رہی ہیں، سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، حکومت میں آ کر عوام کی خدمت کررہے ہیں،دوسری سیاسی جماعتوں کو بھی شعار اپنانا چاہیے،صحت پروگرام کا دائرہ پورے آزاد کشمیر میں پھیلایا جائے گا، اس پروگرام کو گلگت بلتستان اور فاٹا میں بھی شروع کریں گے،حکومت میں آ کردہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے،بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے کارخانے لگائے،ملک میں سرمایہ کاری لے کر آئے،نئی سڑکیں اور موٹرویز بنا رہے ہیں،اگرماضی کی حکومتیں بھی عوامی مفاد کے منصوبوں پر توجہ دیتیں تو آج ملک کہیں آگے کھڑا ہوتا۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو مظفر آباد میں قومی صحت پروگرام کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نواز شریف کے مظفر آباد پہنچنے پر صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سمیت دیگر اہم شخصیات نے استقبال کیا۔ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز ، وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہربھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نواز شریف نے مظفر آباد میں” وزیراعظم قومی صحت پروگرام“ کا آغازکر تے ہوئے مستحق افراد میں قومی صحت کارڈ بھی تقسیم کئے۔مظفر آباد میں وزیراعظم قومی صحت پروگرام سے 82ہزار 362 افراد مستفید ہوں گے جبکہ پروگرام سے کوٹلی میں بھی79ہزار4 افراد وزیراعظم قومی صحت پروگرام سے استفادہ کریں گے۔ قومی صحت پروگرام کے تحت مستحق افراد کی مختلف چھوٹی اور بڑی بیماریوں کا علاج ہو سکے گا۔

قومی صحت پروگرام کے تحت عارضہ قلب، زیابیطس، ٹریفک حادثات، جھلسنے، گردوں کا علاج، یرقان، ایڈز اور کینسر جیسے موذی امراض سمیت 7خطرناک بیماریوں کا مفت علاج ہو سکے گا۔پروگرام کے تحت مستحق افراد کو علاج کیلئے 3 سے 6 لاکھ روپے کی سہولت حاصل ہو گی جو پاکستان بیت المال کے ذریعے مستحقین کو فراہم کئے جائیں گے، صرف وہی خاندان اس پروگرام سے استفادہ حاصل کر سکیں گے جن کے کوائف نادرا سے تصدیق شدہ ہوں گے۔

صحت پروگرام میں شامل ہونے کیلئے 8500پر شناختی کارڈ نمبر بھیج کر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔قومی صحت پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد مظفر آباد سے صحت پروگرام کے اجراء پر بے حد خوشی ہے، قومی صحت پروگرام مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے، قومی صحت پروگرام پر مسلسل کام ہو رہا تھا، دس سال سے علیل لوگ اپنا علاج نہیں کرا پائے، مالی مشکلات کے باعث بھی لوگ بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر ہو رہی ہیں، مالی مشکلات کے باعث 10,10سال تک لوگ اپنا علاج نہیں کرا سکتے، اتفاق ہسپتال اور شریف میڈیکل سٹی میں غریب لوگوں کا علاج ہو رہا ہے، قومی صحت پروگرام کا آغاز حکومت کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے، میں نے علاج کیلئے لوگوں کی جائیدادیں بکتی دیکھی ہیں، غریبوں کا مفت علاج کرنے والے اداروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث لوگ بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں، جواں سال بیٹے کے موذی مرض میں مبتلا ہونے کا دکھ باپ سمجھتا ہے، پروگرام میں شریک تمام افراد، ادارے لائق تحسین ہیں۔علاج کی سکت نہ رکھنے والوں کو اب حکومت مفت علاج کی سہولت فراہم کرے گی، تعلیمی اصلاحات کے تحت سکولوں میں اصلاحات کا آغاز کیا، نوجوان بیٹے کے موذی مرض میں مبتلا ہونے کا دکھ صرف اس کے والدین ہی سمجھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت، جہالت، بے روزگاری کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، علاج کی سکت نہ رکھنے والوں کو اب حکومت مفت علاج فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ علاج کا خرچ تین لاکھ سے تجاوز ہونے پر باقی رقم بیت المال ادا کرے گا، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ غریب لوگوں کی زندگیوں میں بھی سکون آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مریضوں کے علاج کیلئے جائیدادیں فروخت نہ کرنی پڑیں، صحت کارڈ کے حامل افراد کا آج سے مفت علاج شروع ہو گا، صحت پروگرام کا دائرہ پورے آزاد کشمیر میں پھیلایا جائے گا، صحت پروگرام کو گلگت بلتستان اور فاٹا میں بھی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں 80ہزار افراد صحت پروگرام سے مستفید ہوں گے، قومی صحت کے معاملے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک ہی صف میں کھڑی ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے مظفر آباد میڈیکل کالج کیلئے 2 بسیں اور 10 کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا۔(اح)