وزیراعظم محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے لئے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کر دیا’مظفرآباد اور کوٹلی میں 1,61,366 خاندان مستفید ہوں گے

جمعرات 25 فروری 2016 13:04

وزیراعظم محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے لئے قومی صحت پروگرام کا افتتاح ..

مظفر آباد ۔ 25 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے معاشرے کے غریب اور مستحق طبقے کو صحت عامہ کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے جمعرات کو آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں مظفر آباد کے میڈیکل کالج میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے مستحق خاندانوں میں قومی صحت کارڈز تقسیم کر کے پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت کشمیر کے دو اضلاع مظفرآباد اور کوٹلی کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے جس سے بالترتیب 82,362اور 79,004 خاندان مستفید ہوں گے۔

تقریب میں صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر، وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ، مریم نواز شریف اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کا افتتاح گزشتہ سال 31 دسمبر کو وزیراعظم نے اسلام آباد میں کیا تھا، یہ سکیم غریب خاندانوں کیلئے وضع کی گئی ہے جن کی یومیہ آمدن 2 ڈالر (تقریباً دو سو پاکستانی روپے) سے کم ہے، ان خاندانوں کو مختلف بیماریوں کا مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔

اس سکیم کے تحت سالانہ 3 لاکھ روپے سے 6 لاکھ تک روپے فراہم کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں پاکستان میں 23 اضلاع تک اس پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا، مظفر آباد دوسرا بڑا ضلع ہے جہاں 82 ہزار سے زیادہ غریب خاندانوں کو ہسپتال کے اندر خدمات کی فراہمی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کی کامیابی کا بنیادی پہلو نگرانی کا نظام ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں بنیادی سروے پہلے ہی کیا جا چکا ہے تاکہ اس سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ یہ سروے ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے عالمی ادارہ صحت کی تکنیکی اور مالی معاونت سے کیا ہے۔