یونان ’ارواح کا گودام‘ بنتا جا رہا ہے‘ یورپی یونین کے رکن ممالک پناہ گزینوں اور تارکینِ وطن کی متناسب تعداد کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہوتے تو‘ پناہ گزینوں کے مسئلے پر یونین کے سربراہ اجلاس کے تمام فیصلوں کو بلاک کر دیں گے۔یونانی وزیراعظم کا پارلیمان سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 25 فروری 2016 11:52

یونان ’ارواح کا گودام‘ بنتا جا رہا ہے‘ یورپی یونین کے رکن ممالک پناہ ..

ایتھنز(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25فروری۔2016ء) یورپ میں پناہ گزینوں کی پہلی منزل بننے والے ایک ملک یونان نے آسٹریا اور خط بلقان کے متعدد ممالک کی جانب سے اپنی سرزمین پر داخل ہونے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں قابلِ ذکر کمی کے مطالبے پر کڑی تنقید کی ہے۔یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی یونین پناہ گزینوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے تنظیم کے تمام رکن ممالک میں اتفاقِ رائے کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

یونانی وزیرِ اعظم ایلیکسس تسیپراس کا کہنا ہے کہ اس صورت میں جب کہ پناہ گزین یورپ کے دیگر ممالک کی جانب بڑھنے میں ناکام ہیں ان کا ملک ’ارواح کا مستقل گودام‘ بنتا جا رہا ہے۔یونان نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپی یونین کے رکن ممالک پناہ گزینوں اور تارکینِ وطن کی متناسب تعداد کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہوتے تو وہ پناہ گزینوں کے مسئلے پر یونین کے سربراہ اجلاس کے تمام فیصلوں کو بلاک کر دے گا۔

(جاری ہے)

پارلیمان سے خطاب میں یونانی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یہ بات قابلِ قبول نہیں کہ ان کے ملک کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا جائے۔ہم یہ قبول نہیں کر سکتے کہ ہمارے ملک کو ارواح کے مستقل گودام کی شکل دی جا رہی ہو اور ہم یورپی یونین اور اس کے سربراہ اجلاسوں میں ایسا رویہ رکھیں کہ جیسے کچھ غلط ہو ہی رہا نہیں ہے۔ایلیکسس تسیپراس نے کہا کہ اب سے یونان کسی بھی معاہدے کو اس وقت تک قبول نہیں کرے گا جب تک رکن ممالک میں متناسب طریقے سے پناہ گزینوں کے بوجھ اور ذمہ داری کی لازمی تقسیم یقینی نہیں بنائی جاتی۔

ادھر ویانا میں منعقدہ ایک اجلاس میں آسٹریا اور بلقان ممالک کے رہنماو¿ں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ جمعرات کو یورپی یونین کے اجلاس میں دو اہم مطالبات پیش کریں گے۔ان مطالبات میں پناہ گزینوں کی تعداد کمی کے علاوہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں داخل ہونے والے تمام افراد کے انگلیوں کے نشان لیے جانے اور وہ افراد جن کے کاغذات جعلی ہوں یا ان کے پاس دستاویزات نہ ہوں، انھیں سرحد سے ہی واپس کر دیے جانے کی بات کی گئی ہے۔

اسی سلسلے میں آسٹریا کی وزیرِ داخلہ جوہانا مکلیٹنر نے کہا تھا کہ پناہ گزینوں کی تعداد میں کمی یورپی یونین کی بقا کا معاملہ ہے۔یہ اجلاس بلانے پر آسٹریا کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد یورپ کو پناہ گزینوں کے مسئلے پر ایک مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کے لیے مہمیز دینا تھا۔مغربی یورپ کے ممالک کی جانب سے سرحدی پابندیوں کے نفاذ کی وجہ سے یونان میں اس وقت ہزاروں پناہ گزین پھنسے ہوئے ہیںآسٹریا میں حال ہی میں روزانہ ایک مقررہ تعداد میں پناہ گزینوں یا تارکینِ وطن کو داخلے کی اجازت دینے کا قانون نافذکیا گیا ہے جس کے تحت ملک کی جنوبی سرحد پر ایک دن میں پناہ کی صرف 80 درخواستیں ہی وصول کی جائیں گی اور یہ تعداد پوری ہونے پر سرحد بند کر دی جائے گی۔

امدادی ادارے ڈاکٹرز ود آو¿ٹ بارڈرز کی ایک ترجمان جیما جیلی نے کہا ہے کہ افغان باشندوں کو یورپ میں آگے بڑھنے سے روکنے کا مطلب یہ ہے کہ نظام اس بوجھ کو زیادہ دیر برداشت نہیں کر پائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس حقیقت کی بنیاد پر کہ یونان آنے والے پناہ گزینوں میں سے 30 فیصد افغانی ہیں، چھ دن میں یونان میں پناہ گزینوں کے سب کیمپ بھر جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس قسم کی پابندی شامی اور عراقی پناہ گزینوں پر بھی لگے تو آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یونان کے پاس اتنے افراد کے لیے جگہ نہیں ہے۔گذشتہ برس یورپ میں تقریباً دس لاکھ پناہ گزین داخل ہوئے جس سے دوسری عالمی جنگ کے بعد اس نوعیت کا بحران پیدا ہوا ہے۔.ان میں سے بیشتر شام میں جاری خانہ جنگی سے بچنے کے لیے آئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ ان میں عراق اور افغانستان کے لوگوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔