وزیر اعظم محمد نواز شریف 12 مئی کو تاجکستان کا دور ہ کریں گے ،شیر علی جونانو

وزیر اعظم دوشنبہ میں تاجکستان کے صدرامام علی رحمن ، افغانستان کے صدر اشر ف غنی اور کرغزستان کے صدر سے ملاقاتیں کریں گے جس میں علاقائی تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے علاوہ خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی بات چیت ہوگی،تاجک سفیر کی گفتگو

بدھ 24 فروری 2016 22:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 فروری۔2016ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف 12 مئی کو تاجکستان کا دور ہ کریں گے وہ یہاں د ارالخلافہ دوشنبہ میں تاجکستان کے صدرامام علی رحمن ، افغانستان کے صدر اشر ف غنی اور کرغزستان کے صدر سے ملاقاتیں کریں گے جس میں علاقائی تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے علاوہ خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی بات چیت ہوگی۔

آن لائن کے مطابق گذشتہ روز تاجکستان کے سفیر شیر علی جونانو نے فیصل آبادمیں تاجروں اور صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ تمام علاقائی ملکوں کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کا معاہدہ ہو چکا ہے ۔ تاہم اس وقت پاکستان اورتاجکستان کے درمیان براہ راست زمینی رابطوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گوادر ، کوئٹہ ، چمن ، قندھار اور کابل کے راستے تجارت کے علاوہ پشاور، طورخم اور کابل کے راستے وسط ایشیا ئی ملکوں تک رسائی پر غور کیا گیا جبکہ چترال سے براہ راست تا جکستان تک روڈ کی تعمیر کیلئے افغانستان کی حتمی منظوری درکار ہے۔

بینکنگ سروس کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ دوشنبہ میں نیشنل بنک کی برانچ قائم کی جا چکی ہے جس کی وجہ سے تجارتی لین دین میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے پاک۔تاجک ٹریڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول کو دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کی سمت اہم قدم قرار دیا ۔