وزیراعلیٰ شہبازشریف سے لندن سکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹرپروفیسرکریگ کال ہون کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

پنجاب حکومت اورلندن سکول آف اکنامکس کے درمیان ریسرچ کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال

بدھ 24 فروری 2016 22:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں لندن سکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹرپروفیسرکریگ کال ہون (Mr.Craig Calhoun) کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت اورلندن سکول آف اکنامکس کے درمیان ریسرچ کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں پنجاب کے تعلیمی اداروں اورلندن سکول آف اکنامکس طلباء و فیکلٹی ممبران کے تبادلوں کے امکانات کا بھی جائزہ لیاگیا اوراس ضمن میں مستقبل میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مزید اقدامات کرنے پراتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے ریسرچ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ریسرچ کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت لندن سکول آف اکنامکس کیساتھ ترقی وتحقیق کے شعبہ میں مستقبل میں ملکرکام کرے گی اوراس ضمن میں لندن سکول آف اکنامکس کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہلندن سکول آف اکنامکس کے زیر اہتمام لاہور میں اگلے برس منعقد ہونے والی بین الاقوامی سمٹ کے حوالے سے ہرممکن تعاون فراہم کریں گے اور میں آئندہ دورہ برطانیہ کے دوران لندن سکول آف اکنامکس کا دورہ کروں گا۔

ڈائریکٹرلندن سکول آف اکنامکس کریگ کال ہون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کیساتھ ریسرچ کے شعبہ میں تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لندن سکول آف اکنامکس اگلے برس لاہور میں بین الاقوامی سمٹ کا انعقاد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد ،مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی اورمتعلقہ حکام کے علاوہ لندن سکول آف آکنامکس کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے

متعلقہ عنوان :