صوبائی وزراء، مشیران اور سیکرٹری صاحبان ہفتے میں 2 روز فیلڈ میں رہ کر فرائض سرانجام دیں گے

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے بنیادی اصلاحات کا فیصلہ ہیلتھ سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلان مرتب کرکے پیش کرنے کا حکم معیاری طبی سہولتوں تک رسائی عام آدمی کا حق ہے اوریہ حق اس تک ہر صورت پہنچائیں گے:وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 24 فروری 2016 22:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی معیاری سہولتوں کی بہتری کیلئے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں صحت عامہ کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے بنیادی اصلاحات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔معیاری طبی سہولتوں تک رسائی عام آدمی کا حق ہے اوریہ حق اس تک ہر صورت پہنچائیں گے اوراس ضمن میں ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ملکر کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کومفت ادویات کی فراہمی ،طبی آلات و مشینری کو درست حالت میں رکھنے کے ساتھ صفائی کے نظام پر بھر پور توجہ مرکوز کی جائے۔

(جاری ہے)

صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ۔ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز ہیلتھ ہسپتالوں میں صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا خود جائزہ لے کر اسے مزید بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کیلئے ہسپتالو ں میں طبی آلات اور مشینری درست حالت میں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ طبی آلات و مشینری کی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے عالمی معیار کی بائیومیڈیکل ورکشاپ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گاتاکہ مستقبل میں طبی آلات و مشینری کی مرمت اور دیکھ بھال کا کام بہترین انداز سے فوری طورپر ہوسکے اورمریضوں کو مشینیں خراب ہونے کی وجہ سے مشکل کا سامنا نہ کرنے پڑے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں طبی آلات اور مشینری کے آڈٹ کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں اور ان حقائق کی روشنی میں فیصلے کیے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں طبی آلات اور مشینری کو خراب رکھنے میں ملوث مافیا کا گٹھ جوڑ ہر صورت توڑیں گے اورہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولتو ں کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے کیونکہ عوام کوعلاج معالجہ کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے لہٰذااس حوالے سے اگلے ماہ کے وسط تک سفارشات کو حتمی شکل دی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ طبی آلات و مشینری بائیو میٹرک ٹیگنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے نتائج چاہئیں اورعوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی تساہل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہسپتالوں میں او پی ڈیز میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ مل کر مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وزراء، مشیران اور سیکرٹری صاحبان ہفتے میں 2 روز فیلڈ میں رہ کر فرائض سرانجام دیں گے ۔ صوبائی وزراء، مشیران اور سیکرٹری صاحبان فیلڈ میں جا کر محکموں کی کارکردگی ،تعلیم ،صحت اوردیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیں گے اوراس ضمن میں رپورٹ باقاعدگی سے پیش کریں گے۔ اس اقدام سے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال قصور کی ایک ڈائلسز مشین تین ماہ تک خراب رہنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ہسپتال کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اورسرزنش کی ۔چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن اینڈ سپیشلائزڈ ہیلتھ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈی سی او قصور ،ای ڈی او ہیلتھ اورایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال قصور ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے

متعلقہ عنوان :