وزیراعلیٰ سے چین کے قونصل جنرل کی ملاقات،ایگزم بینک کی جانب سے میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے فنڈز موثر قرار دینے پر مبارکباد

میٹروریل کیلئے چینی فنڈز موثر ہونے سے تنقید کرنیوالوں کے عزائم چکناچور ہو گئے ہیں:شہبازشریف تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا گیا ہے، کوئی تاریخی ورثہ متاثر نہیں ہوگا:وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ شہباز شریف محنت کے ساتھ مفاد عامہ کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں:چینی قونصل جنرل

بدھ 24 فروری 2016 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں چین کے قونصل جنرل یو بورن نے ملاقات کی اور انہیں ایگزم بینک آف چائنہ کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کو موثر قرار دینے پر مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین کی قیادت، حکومت اور ایگزم بینک کے حکام نے لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز موثر کیے جانے کے اعلان سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پرایک بار پھر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر ہم چین کی حکومت، قیادت اور ایگزم بینک کے اعلیٰ حکام کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے فنڈز کو موثر قرار دینا ایک اہم سنگ میل ہے اور پاکستان کے 18 کروڑ عوام اس اہم پیش رفت پر انتہائی خوش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے شہری میٹرو ریل پر عزت اور فخر سے سفر کریں گے۔میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے چین کے ایگزم بینک کی جانب سے فنڈز موثر ہونے کا اعلان پاکستانی عوام کیلئے خوشخبر ی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین نے پاکستان کی موجودہ قیادت پر جو اعتماد کیا ہے وہ دونوں ملکوں کی دوستی میں ایک تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے ۔ فنڈز موثر ہونے سے تنقید کرنے والے مٹھی بھر عناصر کے عزائم چکناچور ہو گئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ عام آدمی کے مفادات کے منصوبوں کو متنازعہ بنانے والی سیاسی جماعتوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں اور ایسی سیاسی جماعتوں کو منفی طرز سیاست سے گریز کرتے ہوئے مفاد عامہ کے منصوبوں میں رکاوٹیں پیدا نہیں کرنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا گیا ہے اور کوئی تاریخی ورثہ متاثر نہیں ہوگا۔ چین کی حکومت اور قیادت نے جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور میٹرو ریل کا منصوبہ دن رات محنت کرکے مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر چینی قیادت ،حکومت،پاکستان میں چین کے سفیر اورچینی قونصل جنرل کا بھی شکریہ ادا کیا ۔چین کے قونصل جنرل یو بورن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف محنت کیساتھ مفاد عامہ کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے

متعلقہ عنوان :