Live Updates

عمران خان سے ممتاز علماء دین کے وفد کی ملاقات ، مذہبی ہم آہنگی اور علماء کرام کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال

پنجاب حکومت کی جانب سے تبلیغی وفود کی سرگرمیوں پر قدغنیں عائد کرنے کی اطلاعات پر افسوس ہے، چیئرمین تحریک انصاف

بدھ 24 فروری 2016 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملک کے ممتاز علماء دین کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس دوران پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور علماء کرام کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق علماء کے وفد کی قیادت مفتی محمد سعید خان اور مفتی محمد نعیم کر رہے تھے، جبکہ دارالعلوم تعلیم القرآن راولپنڈی کی مہتم قاری اشرف علی، مفتی عبدالقوی، کراچی سے طلحہ لدھیانوی، مولانا ولی المظفر اور راولپنڈی سے مولانا چراغ الدین شاہ شامل تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور علماء کرام کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اسلامی تعلیمات کی ترویج میں علماء کے کردار کو سراہتی ہے اور دینی مدارس کے طلباء کی قومی سیاست میں دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تبلیغی وفود کی سرگرمیوں پر قدغنیں عائد کرنے کی اطلاعات پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکومت آئین کی روح سے اسلامی تعلیمات و اقدار سے آگاہی فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات