وزیراعظم نے سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا کو خیبرپختونخوا کا نیا گورنر تعینات کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھجوا دی

صدر کی منظوری کے بعد اقبال ظفر کی بطور گورنرتقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا ، وہ جلد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نئے گورنر سے حلف لیں گے وزیراعظم نے سینئر وزراء اور سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے مشاورت کے بعد جھگڑا کوگورنر خیبر پختونخوا بنانے کافیصلہ کیا‘ اقبال ظفر کے گورنر بننے کے بعد ان کی سینیٹ کی نشست اور(ن)لیگ کے سیکرٹری جنر ل کا عہدہ خالی ہوجائیگا

بدھ 24 فروری 2016 20:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا کو خیبرپختونخوا کا نیا گورنر تعینات کرنے کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو بھجوا دی۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اقبال ظفر جھگڑا کو گورنر خیبرخپتونخوا تعینات کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھجوا دی ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت کی طرف سے منظوری کے بعد اقبال ظفر جھگڑا کو گورنر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا اور وہ جلد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ گورنر سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گے، اقبال ظفر جھگڑا مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں میں شمار کئے جاتے ہیں اور وہ وزیراعظم کی جلا وطنی کے دوران پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہے اور انہیں وزیراعظم نواز شریف کا مکمل اعتماد حاصل رہا، گزشتہ سال ایک ٹریفک حادثے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے اور طویل عرصہ تک زیر علاج رہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ان کا لندن میں علاج کرایا گیا، صحت یابی کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے انہیں خصوصی طور پر خدمات کے پیش نظر اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کا سینیٹر منتخب کروایا جس کی مدت چھ سال ہے، اقبال ظفر جھگڑا کو گورنر بنانے کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے کابینہ کے سینئر وزراء اور سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے مشاورت کی تھی، اقبال ظفر جھگڑا کے گورنر بننے کے بعد سینیٹ سے ان کی نشست خالی ہو جائے گی جبکہ وہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیں گے، وزیراعظم سینیٹ کیلئے پارٹی کے کسی اور رہنما کو ٹکٹ دیں گے جبکہ نئے سیکرٹری جنرل کا فیصلہ بھی آئندہ دو ہفتوں تک کر لیا جائے گا، اقبال ظفر جھگڑا پشاور کے قریب واقع جھگڑا گاؤں کے رہائشی ہیں، پیشے کے اعتبار سے وہ انجینئر ہیں اور مسلم لیگ(ن) سے ان کا دیرینہ تعلق ہے، گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء مہتاب عباسی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا، نجی ٹی وی چینلز نے گزشتہ ہفتے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک کو گورنر مقرر کرنے کی خبریں نشر کی تھیں جس کی وزیراعظم کے ترجمان نے تردید کر دی تھی۔