امریکہ کے جنوبی علاقوں میں کئی طاقتور بگولوں کی زد میں آ کر3 افراد ہلاک اور سینکڑوں گھرتباہ ہوگئے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 24 فروری 2016 19:17

امریکہ کے جنوبی علاقوں میں کئی طاقتور بگولوں کی زد میں آ کر3 افراد ہلاک ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 24 فروری۔2015ء) امریکہ کے جنوبی علاقوں میں کئی طاقتور بگولوں کی زد میں آ کر3 افراد ہلاک اور سینکڑوں گھرتباہ ہوگئے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق بگولوں سے لوئی زیانا، مسیسپی اور فلوریڈا میں مکانات اور کاروبار تباہ ہوگئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اموات لوئی زیانا اور مسیسپی میں عارضی گھروں (ٹریلر ہوم) کی تباہی کے باعث واقع ہوئی ہیں۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رات گئے تک طوفانی نظام امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا تک پہنچ سکتا ہے۔ہنگامی امداد کے اداروں کا کہنا ہے کہ جنوبی لوئی زیانا کے علاقے کان ونٹ کے ٹریلر پارک میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 90 فیصد گھر تباہ ہوگئے ہیں۔لوئی زیانا کے گورنر جان بیل ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ سفری ٹریلر ہوا میں اوپر اچھلے، کافی فاصلے پر جا گرے، اور تباہ ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ایک چھوٹا سا معجزہ ہے کہ اموات کی تعداد زیادہ نہیں ہے کیونکہ طوفان کے وقت لوگوں کی زیادہ تعداد ان ٹریلر گھروں کے اندر موجود تھی۔لوئی زیانا میں تقریباً 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے زیادہ ترافراد کا تعلق ٹریلر پارک سے ہے۔امریکہ کے محکمہ موسمیات کے مطابق ایک اور ہلاکت جنوبی مسیسپی کے شہر پْروس میں ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرد کا ایک بگولہ شمالی فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں بھی دیکھا گیا ہے۔مقامی زرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس کی تین عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ علاقے میں ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہیں۔

متعلقہ عنوان :