ڈونلڈ ٹرمپ کی نیواڈا میں کامیابی ‘ ڈیموکریٹس امیدواروں میں ہلیری کلنٹن کی برنی سینڈرس کو5 فیصد ووٹوں سے شکست

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 24 فروری 2016 17:13

لاس ویگاس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 24 فروری۔2015ء) امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست نیواڈا کامیابی حاصل کر کے اپنی دعویداری کو مزید مضبوط کر لیا ہے۔ نیوہیمپ شائر اور ساؤتھ کیرولینا کے بعد یہ ان کی لگاتار تیسری جیت ہے۔سینیٹر مارکو روبیو اور ٹیڈ کروز جو ایک دوسرے پر اس ہفتے تنقید کرتے رہے وہ دوسرے نمبر کے لیے مقابلہ کرتے نظر آئے۔

پارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ڈبل ووٹنگ اور ایک کاکس میں بیلٹ کی کمی کے معاملے میں جانچ کر رہے ہیں۔بعض رضاکاروں نے مسٹر ٹرمپ کی حمایت میں کپڑے پہن رکھے تھے اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ ضابطے کے خلاف ورزی نہیں ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کو 46 فی صد سے زیادہ ووٹ ملے جبکہ مارکو روبیو کو تقریباً 23 فی صد اور ٹیڈ کروز کو تقریباً 20 فی صد ووٹ ملے۔

(جاری ہے)

لاس ویگس میں ٹرمپ کے کیمپ میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب امریکی نیٹ ورک پر ارب پتی امیدوار کی جیت کے رجحانات سامنے آنے لگے۔

تاہم ذرائع ابلاغ نے ووٹنگ پر اپنے شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیرمنظم قراردیا ہے۔نیواڈا میں موجود صحافیوں کا کہنا ہے کہ ووٹنگ تاخیر سے شروع ہوئی، لوگوں کی لمبی قطاریں تھیں، لوگوں کو یہ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ انھیں کہاں ووٹ دینا ہے اور بیلٹ کی حفاظت کا بھی اچھا انتظام نہیں تھا۔ بہر حال ووٹنگ میں بدعنوانی کے شواہد نظر نہیں آئے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹس امیدواروں میں ہلیری کلنٹن نے اپنے حریف برنی سینڈرس کو پانچ فی صد ووٹ سے شکست دی ہے اور اب دونوں ہفتے کے روز ہونے والے ساؤتھ کیرولینا کے بلیک ووٹ پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔یہ پرائمری اور کاکس کے جو ووٹ ہو رہے ہیں اس کی بنیاد پر یہ فیصلہ ہوگا کہ کس پارٹی کی جانب سے کون نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں دونوں اہم پارٹیوں کی نمائندگی کرے گا۔