متحدہ عرب امارات : سوشل میڈیا پر رضامندی کے بغیر کسی کی تصویر پوسٹ کرنے پر سزا اور جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 فروری 2016 17:12

متحدہ عرب امارات : سوشل میڈیا پر رضامندی کے بغیر کسی کی تصویر پوسٹ کرنے ..

متحدہ عرب امارات (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 فروری 2016ء) : رضامندی کے بغیر کسی کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے جُرم میں جیل کی سزا اور 5 لاکھ درہم جُرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس کا کہناہے کہ متحدہ عرب امارات میں سب سے بڑا جُرم کسی کی تصویر کو اس کی اجازت اور رضامندی کے بغیر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کرنا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تشکیل دئے گئے نئے قانون کے مطابق ایسا کرنے والے افراد پر جیل کی سزا یا 5 لاکھ درہم جُرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ دبئی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ متعدد سوشل میڈیا صارفین اس قانون سے لاعلم ہیں۔ سوشل میڈیا آگاہی مہم کے آغاز پر انتظامیہ کے اسسٹنٹ پولیس کمانڈر میجر جنرل محمد الشریف کا کہنا تھا کہ کچھ سوشل میڈیا صارفین یہ نہیں جانتے کہ اگر انہوں نے کسی کی تصویر اور ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کی تو یہ ایک قابل سزا جُرم بن جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی سزا 6 ماہ جیل اور ڈیڑھ لاکھ سے 5 لاکھ درہم جرمانہ ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں لوگوں کو اس بات کا علم ہو کہ جو کوئی بھی محض مزے کے طور پر کسی کی تصویر یا ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا ہے اسے سزا دی جا سکتی ہے۔ ایک اور افسر نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سوشل میڈیا پر بلیک میل ہونے اور دھمکیوں کا نشانہ بننے سے روکنے کے لئے اس بات کی یقین دہانی کریں کہ ان کے بچوں کے سماجی رابوں کی ویب سائٹس پر کوئی ذاتی اکاؤنٹس موجود نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :