وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا 22اجلاس، اجلاس میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،ڈی جی ایس پی ڈی سمیت وزیردفاع ،وزیرداخلہ ،مشیر خارجہ امور نے شرکت،بلاسٹک اور کروز میزائل کے کامیاب تجربات پر ماہرین کو مبارکباد ،نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار،پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا حصہ بننے کی اہلیت رکھتا ہے، پاکستان جنوبی ایشیاء میں کم سے کم دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھے گا، پاکستان خطے میں اسٹرٹیجک تحمل کی فضا کا حامی ہے۔آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 فروری 2016 14:25

وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا 22اجلاس، اجلاس ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت آج نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا 22 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع، وفاقی وزیر خزانہ، وزیر داخلہ، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ، معاون خصوصی برائے امور خارجہ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین، سروسز چیفس، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے موجودہ علاقائی اور عالمی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور خطہ میں بڑھتے ہوئے روایتی اور اسٹریٹجک ہتھیاروں کی تیاری کو محسوس کیا اور امن و سلامتی پر اس کے منفی اثرات پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے قومی سلامتی کو مضبوط بنانے اور اسلحہ کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر قومی سلامتی کے خطرات کا موثر جواب دینے کے لئے تمام اقدامات اختیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ایٹمی ڈیٹرینس کو جنوبی ایشیاء میں استحکام کا عنصر قرار دیتے ہوئے نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے معتبر کم از کم ڈیٹرینس کی پالیسی کے مطابق فل اسپیکٹرم ڈیٹرینس برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور سائنسدانوں اور انجینئروں کی خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے حالیہ مختلف بیلسٹک اور کروز میزائل سسٹمز کے کامیاب تجربات پر انہیں مبارکباد دی۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ایٹمی پروگرام کی سلامتی اور محفوظ میکنزم کا جامع جائزہ لیا اور اسٹریٹجک اثاثوں اور تنصیبات کی انتہائی موثر حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے نیشنل اسٹریٹجک صلاحیت کی معتبر کمانڈ اور کنٹرول سسٹم پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اسٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے جنوبی ایشیاء میں اسٹریٹجک ری سٹرینٹ رجیم کے قیام کے لئے پاکستان کی خواہش کو اجاگر کیا اور خطے میں امن و خوشحالی کے دور کو یقینی بنانے کے لئے تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے مربوط اور بامقصد جامع مذاکراتی عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائر گروپ سمیت تمام کثیر الجہتی ایکسپورٹ کنٹرول رجیم کا حصہ بننے کی مطلوبہ استعداد رکھتا ہے جس کے لئے پاکستان نے غیر امتیازی اپروچ اختیار کی ہے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو واشنگٹن میں ہونے والے حتمی نیوکلیئر سیکورٹی سمٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے نیوکلیئر مٹیریل (ترمیمی) کی فزیکل پروٹیکشن سے متعلق کنونشن کی توثیق کے عمل سے آگاہ کیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے اس کی توثیق کی اصولی طور پر منظوری دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک ذمہ دار ایٹمی ملک کی حیثیت سے پاکستان بہتر ایٹمی سلامتی کے لئے عالمی کوششوں اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اقدامات کے لئے بامقصد کردار جاری رکھے گا۔