علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے 20کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

بدھ 24 فروری 2016 13:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 فروری۔2016ء ) انٹیلی جنس ادارے نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے 20کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ،مسافر کا تعلق پنجاب کی ایک کاروباری شخصیت سے بتایا جارہا ہے ۔لاہور ایئرپورٹ پر مسافر ذیشان بٹ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے623کے ذریعے وزٹ ویزا پر دبئی جارہا تھا۔

(جاری ہے)

ذیشان بٹ اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹم کے کاؤنٹر سے کلیئر ہوکر ڈیپارچر لانچ میں بورڈنگ کارڈ کے حصول کے لئے قطار میں موجود تھا کہ انٹیلی جنس ادارے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے سامان سے غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ذیشان بٹ سے 10ہزار امریکی ڈالر،ساڑھے 3ہزار برطانوی پاؤنڈ، 14لاکھ 54ہزار یورو اور 15لاکھ 91ہزار یو اے ای درہم برآمد ہوئے ہیں جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں 20کروڑ روپے بنتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق پنجاب کی ایک کاروباری شخصیت سے بتایا جارہا ہے جبکہ گزشتہ برس لاہور سے ہی کروڑوں روپے مالیت کا سونا دبئی اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران حراست میں لیاجانے والا توفیق بٹ بھی اس کا رشتے دار بتایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :