چارسدہ ،نستہ میں سکول چوکیدار کی گرفتار ی کیخلاف احتجاجی جلوس و مظاہرہ،ایس ایچ او نستہ کے فوری تبادلے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

منگل 23 فروری 2016 22:48

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء)نستہ میں سکول چوکیدار کی گرفتار ی کیخلاف احتجاجی جلوس و مظاہرہ،ایس ایچ او نستہ کے فوری تبادلے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ ،بصورت دیگر موٹر وے بلاک کرینگے ۔ تاہم ایس ایچ او نستہ نے الزامات کو مستردکرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے درج شدہ ایف آئی آر کے مطابق قانونی کاروائی کی ہے تفصیلات کے مطابق نستہ میں سکول چوکیدار جان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے یوسف اور عبداﷲ کی قیادت میں نستہ پولیس کے خلاف فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھاکہ ایس ایچ او نستہ تیمور خان نے جھوٹی ایف آئی آر پر چوکیدار جان کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ چادر وچاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر اور سکول پر چھاپے مار کر خواتین اور طالبات کو ہراساں کیا اور ان سے سرکاری بندوق بھی چھین لی انہوں نے آئی جی کے پی کے سے ایس ایچ او کے فوری تبادلے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

بصورت دیگر موٹر وے بلاک کرینگے تاہم ایس ایچ او تھانہ سٹی چارسدہ کے یقین دہانی پر وہ پرامن طور پر منتشر ہوگئے علاوہ ازیں یونین کونسل نستہ کے ضلعی ممبر اور سماجی شخصیت عبد الرحمان خان نے نستہ پولیس کی جانب سے گورنمنٹ پرائمری سکول لونڈا کے چوکیدار جان ولد گل کی گرفتاری کی آڑ میں سرکاری سکول کے اندر گھس جانے ، سکول کے طلباء کو ڈرانے دھمکانے ، چوکیدار کے گھر کی چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے اور خواتین پر تشدد کرنے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف جوڈیشل انکوائری کرانے اورایس ایچ او نستہ سمیت ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیاہے ۔

دریں اثناء ایس ایچ او نستہ تیمور خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے قانون کے مطابق کاروائی کی ہے انہوں نے کہاکہ مذکورہ چوکیدار کے خلاف 15 فروری کو دفعہ 324 کے تحت ایف آئی آر درج ہوئی تھی اور ڈی ایچ کیو چارسدہ ہسپتال سے ارسال شدہ مراسلے پر سکول چوکیدار جان کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر درج کرکے انہیں سکول کے سامنے سے گرفتار کیا انہوں نے کہاکہ چاردیواری کی بے عزتی نہیں کی ہے انہوں نے کہاکہ بعض عناصر ان کے خلاف سرگرم عمل ہے اور ان کے خلاف من گھڑت اورجھوٹے الزامات لگاتے ہیں تاہم وہ کسی کی دباؤ میں نہیں آئینگے اور قانون کے مطابق بلا امتیاز کاروائی کرینگے انہوں نے کہاکہ نستہ تھانے کے ایس ایچ او کی حیثیت سے بلا امتیاز انصاف کے فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے