پشاور ،خیبرپختونخوا انڈر23گیمز کے سلسلے میں لوگو اور ٹرافی کی رونمائی کی تقریب

منگل 23 فروری 2016 21:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا انڈر23گیمز کے سلسلے میں پشاور میں لوگو اور ٹرافی کی رونمائی تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر کمشنر پشاور ڈاکٹر فخر عالم مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ افتخار عالم ،ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض محسود ،سابقہ ورلڈ چمپئن قمر زمان، سابقہ اتھلیٹ و انٹر نیشنل گولڈ میڈیلسٹ بحرکرم ،سابقہ پاکستان والی بال ٹیم کے کپتان عبدالرحیم خان، پرائڈ آف پرفارمنس لعل سید ، ایڈیشنل سیکرٹری طارق خان ، ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل صافی ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی ، نیشنل و انٹر نیشنل کھلاڑی بھی موجود تھے ۔

کمشنر پشاور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر23گیمز کاانعقاد قابل تحسین ہے اور یقیناً اس سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی انہوں نے کہاکہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ ہیں اور ان ہمیں ان پر فخر ہے دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا موقع دیا گیا ہے میری یہ خواہش ضرور ہے کہ یہ ٹرافی جو 2ہزار کلو میٹر کا سفر تہہ کر کے یہاں پہنچی ہے تو یہ پشاور میں ہی رہے لیکن اس کیلئے پشاور ڈویژن کے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنی پڑے گی کیونکہ صوبہ کے دوسرے حصوں میں بھی مختلف کھیلوں کا ٹیلنٹ موجود ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جلد ہی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے وہ کھلاڑی جنہوں نے حال ہی میں 25ویں ساؤتھ ایشین گیمز جو انڈیا میں منعقد کی گئی ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ انکی حوصلہ افزائی کی جا سکے ۔ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل صافی نے کہاکہ گیمز کے پہلے مرحلے میں بنوں ڈویژن میں انٹرڈسٹرکٹ مقابلے کامیابی سے منعقد ہو چکے ہیں اور دوسرا مرحلہ یکم مارچ سے مردان میں شروع ہونگے انہوں نے کہاکہ ان گیمز کیلئے 7کروڑ 40لاکھ کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جن میں مردوں کیلئے 15اور خواتین کیلئے 13 گیمز شامل ہیں ۔

مردوں کے مقابلوں میں کرکٹ‘ فٹبال ‘ہاکی ‘باسکٹ بال ‘والی بال ‘سکواش ‘بیڈمنٹن ‘ٹیبل ٹینس ‘باکسنگ ‘اتھلیٹکس ‘جمناسٹک ‘جوڈو ‘کراٹے اور تائیکوانڈو جبکہ خواتین کے مقابلوں میں کرکٹ ‘نیٹ بال ‘ہاکی ‘باسکٹ بال ‘والی بال ‘سکواش ‘بیڈمنٹن ‘ٹیبل ینس‘اتھلیٹکس ‘بیس بال ‘جوڈو ‘ووشو اور تائیکوانڈو شامل ہیں‘ان گیمز میں صوبہ بھر میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لینگے۔

متعلقہ عنوان :