حیدرآباد،”اہم بین الاقوامی طاقتوں کا موجودہ دور میں سماجی و سیاسی رویہ اور پاکستانی تصورات“ کے زیر موضوع ایک روزہ لیکچر پروگرام

منگل 23 فروری 2016 21:09

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) جامعہ سندھ جامشورو کے پولیٹیکل سائنس شعبے کی جانب سے ”اہم بین الاقوامی طاقتوں کا موجودہ دور میں سماجی و سیاسی رویہ اور پاکستانی تصورات“ کے زیر موضوع ایک روزہ لیکچر پروگرام جامعہ سندھ ٹھٹہ کیمپس کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی کی زیر صدارت انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

لیکچر پروگرام میں جامعہ کراچی کے پولیٹیکل سائنس شعبے کے پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری نے لیکچر دیا۔ اس موقع پر بھٹ شاہ کیمپس کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسلم پرویز میمن، سوشل سائنسز فیکلٹی کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر نگینہ پروین سومرو اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کراچی یونیورسٹی کے پولیٹیکل سائنس شعبے کے پروفیسر محمد احمد قادری نے اپنے لیکچر میں اہم بین الاقوامی طاقتوں کا موجودہ دور میں سماجی و سیاسی رویے اور پاکستانی تصورات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا کے کسی بھی نوجوان سے کم نہیں ہے۔ ان کے پاس ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے جسے صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف قسم کے عناصر ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار ہیں اگر وہ اتحاد کریں تو ہمارا ملک بھی ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر ٹھٹہ کیمپس کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی نے کہا کہ ڈاکٹر قادری نے بہترین اور جامع لیکچر دیا ہے، ان کو ان کا مطالعہوسیع اور بین الاقوامی حالات پر گھری نظر ہے امید ہے کہ اس لیکچر پروگرام سے ہمارے طلباء بہت زیادہ مستفید ہوئے ہونگے۔

اس سے قبل پولیٹیکل سائنس شعبے کی انچارج چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر کرن سمیع نے مہمان کا تعارف پیش کیا۔ جبکہ سوشل سائنسز فیکلٹی کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر نگینہ پروین سومرو نے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں ڈاکٹر محمد احمد قادری کو یونیورسٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ لیکچر پروگرام میں اساتذہ و طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :