بلدیاتی نظام کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرکے ہر سطح پر بنیادی جمہوری اداروں کو فعال کیا جا رہا ہے‘ شہبازشریف

سیاسی مخالفت اور ترقی کی راہ میں روڑنے اٹکانے کی سازشوں سے قطع نظر عوام کے فلاحی منصوبے جاری رہیں گے،کسی محاذ آزائی میں الجھنے کی بجائے تمام تر توجہ قومی ترقی کے منصوبوں اور ملک کی اقتصادی خوشحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مرکوز ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب سے اسلام آباد میں نومنتخب میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیزکی ملاقات،وزیراعلیٰ کی میئر منتخب ہونے پر مبارکباد محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین دارالحکومت بنائیں گے‘ میئر اسلام آباد

منگل 23 فروری 2016 19:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرکے ہر سطح پر بنیادی جمہوری اداروں کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل ان کی دیلیز پر حل ہو ں اورانہیں روزمرہ کے معمولی کاموں کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے چھٹکاراحاصل ہو سکے، پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور حکومت کا مطمع نظر عام آدمی کے مسائل میں کمی لاکر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنا ہے ۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں نو منتخب میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیر اعظم ہاوس میں ان سے ملاقا ت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سیاسی مخالفت اور ترقی کی راہ میں روڑنے اٹکانے کی سازشوں سے قطع نظر وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں اس وقت توانائی کی قومی ضروریات پوری کرنے ، تعلیم ، صحت ، ذرائع مواصلات کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے عمل جاری ہے اور حکومت کسی محاذ آزائی میں الجھنے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ قومی ترقی کے منصوبوں اور ملک میں معاشی و اقتصادی خوشحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

محمد شہباز شریف نے کہاکہ پنجاب میں عوامی بھلائی اور دیہی و شہری علاقوں کی یکساں ترقی کی متعدد میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی عوامی اعتماد کا مظہر ہے اوراس کی بڑ ی وجہ یہ ہے کہ حکومت کی تمام تر پالیسیوں اورمنصوبہ بندی کا محور و مرکز عام آدمی کی بھلائی اور مشکلات دورکرنا ہیں۔

وزیراعلیٰ نے شیخ انصرعزیز کو اسلام آباد کا میئر منتخب ہونے پر مبارکبادد یتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ اسلام آباد کے نومنتخب میئر وفاقی دارلحکومت کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔اس موقع پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے پنجاب میں ترقی کی عوامی خوشحالی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبے میں وزیر اعلیٰ کی پالیسیاں اور کامیاب منصوبے ان کیلئے ایک رول ماڈل ہیں اور ان کی رہنمائی میں اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین دارالحکومت بنانے اور شہریوں کو مثالی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

انہوں نے اس موقع پر میٹرو بس پراجیکٹ اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے عوام دوست منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ سے شہریوں کو آمدو رفت کی بہترین سہولیات حاصل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اسی طرز پر اسلام آباد میں شہریوں کی سہولت کے لئے مزید منصوبے شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔ چیئرمین میٹرو بس پراجیکٹ محمد حنیف عباسی نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی اور انہیں راولپنڈی میں جاری انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔