حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ان احکامات پر غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے‘ ترقیاتی منصوبہ جات کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے‘مالی سال کے اختتام تک تمام ترقیاتی فنڈز بروئے کار لائے جائیں ‘ آزادکشمیر میں انتخابی عمل شروع ہورہا ہے ‘انتظامیہ ماحول کے پرامن قیام کے لیے جذبے سے کام کریں سانحہ نکیال جیسے واقعات قابل قبول نہیں ‘ انتظامیہ امن وامان کے قیام اور سیکورٹی کے انتظامات کو مزید موثر بنائے

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدکا آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس سے خطاب

منگل 23 فروری 2016 17:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 فروری۔2016ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ان احکامات پر غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ترقیاتی منصوبہ جات کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔مالی سال کے اختتام تک تمام ترقیاتی فنڈز بروئے کار لائے جائیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں انتخابی عمل شروع ہورہا ہے انتظامیہ ماحول کے پرامن قیام کے لیے جذبے سے کام کریں سانحہ نکیال جیسے واقعات قابل قبول نہیں ۔انتظامیہ امن وامان کے قیام اور سیکورٹی کے انتظامات کو مزید موثر بنائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر وزراء کرام ،چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نعیم احمد شیراز، انسپکٹر جنرل پولیس ملک خدابخش اعوان،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی اور آزادحکومت کے سیکرٹری صاحبان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس ملک خدا بخش اعوان نے امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس میں سانحہ نکیال کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے انتظامیہ کی ذمہ داریوں اور سانحہ میں ہلاک ہونے والے شخص کی ہلاکت کی تحقیقات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ حکومت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری اقدار کی پاسداری کرتی ہے حکومت آئندہ انتخابات کو منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنائے گی اور کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں آزادکشمیر میں پاکستان کی طرز پر نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے نفاذ کے فیصلہ کیا اجلاس میں منگلاڈیم ۔ہاؤسنگ اتھارٹی میں الاٹمنٹ کے قیام کے آرڈیننس کی منظوری دی۔اجلاس نے بے نظیر بھٹو شہید ،میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میرپور کے آرڈیننس کو آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی منظوری دی۔اضافی حلقہ جات کے حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دی کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ اضافی حلقہ جات کا معاملہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے ۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات کی طرف سے درجہ ذیل قرراداد کی منظوری بھی دی گئی۔ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس منگل کے روز وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں ان قراردادوں میں کہاگیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ریاست میں تعمیراتی انقلاب، آزادکشمیر کو ایجوکیشن اسٹیٹ بنانے اور تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی کے رجحانات متعارف کروانے ، تحریک آزادی کشمیر میں موثر رول اورریاست کے عزت وقار میں اضافے کے حوالے سے بھرپور اقدامات پر انہیں شاندار خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

کابینہ کا یہ اجلاس حریت قیادت بالخصوص سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق سمیت جملہ قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔بھارت نے جس طرح مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے کشمیری عوام کے سیاسی ،مذہبی اور اقتصادی حقوق کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور فوجی عدالتی نظام کے ذریعے جس طرح انصاف کا قتل عام کیا جا رہا ہے وہ تمام مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔

بھارتی فوج کے مظالم نے ہٹلر اور نازیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،خودنریندر مودی کے ہا تھ جو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے کارکن بھی رہ چکے ہیں اقلیتوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔اس کردار کی شدید مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں۔اجلاس بھارت کی جانب سے جموں وکشمیر کے متنازعہ علاقے لداخ میں 14.8 کلومیٹر طویل زوجیلہ سرنگ بنانے کے عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے بھارت کشمیر کے علاقے میں اپنا فوجی قبضہ مضبوط بنانے کے لیے جو اقدامات کر رہاہے اس سے کشمیر کے قدرتی حسن، رعنائی اور ماحول کو شدیدخطرات لاحق ہیں۔

اجلاس ماحول کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو قدرتی ماحول تباہ کرنے سے روکیں تاکہ خطہ ماحولیاتی تباہی سے دوچار نہ ہو ۔کابینہ کا یہ اجلاس چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر کومرکزی اہمیت دینے پرخراج تحسین پیش کرتا ہے جو کشمیر کے ساتھ ان کی محبت کا مظہر ہے ۔اجلاس سمجھتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں قابل فخر ہیں اجلاس دہشت گردی کیخلاف شہیدہونیوالے افسروں ،جوانوں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتاہے ۔

کابینہ کا یہ اجلاس وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر مظفر آبادکے خصوصی دورے کے دوران قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی محبت کا عکاس ہے۔اجلاس اس موقع پر پاکستان کی سیاسی قیادت اورقوم کو کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرنے پرہدیہ تبریک پیش کرتا ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہی ہے۔

کابینہ کے اجلاس میں 13فروری کو جیئے بلاول بھٹو زرداری یوتھ کنونشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شہید ہونے والے جیالے کارکن چوہدری منشی گوجر کے لیے خصوصی دعائے؂ مغفرت کی گئی اور اخبارات میں آنے والی ن لیگ کے ذمہ داران کی خبریں جنکی وجہ سے شہید کی نعش کے ساتھ مذاق کیاگیا کی بھرپور مذمت کی گئی وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی نے اس حوالہ سے ن لیگ کی طرف سے آنے والے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ شہید چوہدری منشی کے لیے خصوصی دعا کی جائے۔

ن لیگ کی طرف سے جوڈیشنل انکوائری کے مطالبہ کے حوالہ سے کہا کہ تاحال کوئی جوڈیشنل کمیشن قائم نہیں کیا گیا ہے جوڈیشنل کمیشن حکومت کا اختیار ہے وزیراعظم کی منظوری سے ہی جوڈیشنل کمیشن تشکیل دیا جاسکتا۔اجلاس میں بھارت میں نہرو یونیورسٹی میں کشمیر طلبا پر درج مقدمات اور طلبا پر وحشیانہ درندگی اور تشدد کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی۔