Live Updates

صوبے کے ہربچے کوسکول لانا پی ٹی آئی کی حکومت کا مشن ہے۔ عاطف خان

منگل 23 فروری 2016 16:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو سکول لانا اوراسے علم کی روشنی سے منور کرنا پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا مشن ہے اور اس کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم عام کرنے کے لئے شروع کردہ تمام منصوبے ہرصورت مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں ایلیمنٹری ایجوکیشن فاوٴنڈیشن کے ایشوز سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم افضل لطیف ،ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم ،منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن فاوٴنڈیشن اللہ نواز سومرواور ڈائریکٹر تعلیم رفیق خٹک نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فاوٴنڈیشن کی سرگرمیوں اورکارکردگی کے علاوہ اس کے زیر اہتمام جاری پروگراموں جن میں گرلز کمیونٹی سکول کاقیام، اقراء فروغ تعلیم ووچرزسکیم ،تعمیر سکول پروگرام، روخانہ پختونخواپروگرام اور پشاورجیل میں لٹریسی سنٹر کاقیام شامل ہیں پر پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ 1 ہزار 2 سو گرلز کمیونٹی سکول مکمل ہیں جبکہ اپریل 2016 تک ان کی تعداد 1 ہزار5 سو تک بڑھا دی جائیگی ۔ اسی طرح صوبے کے 6 اضلاع میں 30 ہزار میں سے 13 ہزار طلباء کو ووچرز دیئے گئے ہیں اورجون 2016 تک 30 ہزار کا ہدف پوراکیاجائیگا۔ تعمیر سکول پروگرام کے تحت 64 میں سے 30 سکول مکمل ہیں جبکہ باقی 34 سکول تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ روخانہ پختونخوا پروگرام پر بھی عمل درآمد جاری ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ پشاور جیل میں لیٹریسی سنٹر کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور محکمہ داخلہ کے کلیرنس کے بعد اسے شروع کردیاجائیگا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے فاوٴنڈیشن کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر اپنے زیراہتمام منصوبوں پر کام کی رفتا ر تیز ترکریں اور اس کی سرگرمیوں کو پورے صوبے تک وسعت دیں تاکہ تمام لوگ اسے بھر پور اسفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا ہدف سکول نہ جانے والے لاکھوں بچے ہیں اورہماری پوری کوشش ہے کہ ان بچو ں کو سکول لاکر صوبے کی تقدیر بدل ڈالیں کیونکہ تعلیم کے بغیر ایسا کرنا ممکن نہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :