آصف زرداری نے رحمن ملک کونیویارک طلب کرلیا

رحمن ملک بلاول بھٹو سے ملاقات کرنے دبئی گئے ،جہاں سے وہ نیویارک کیلئے روانہ ہوں گے

منگل 23 فروری 2016 16:33

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کو دبئی سے نیویارک طلب کرلیا ، دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے رحمن ملک کو ملاقات کے لئے نیویارک طلب کرلیا ہے اور رحمن ملک دبئی سے سیدھے نیویارک کیلئے روانہ ہوں گے ۔

ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ آصف علی زرداری کو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ہونیوالی ملاقات اور اس دوران زیر بحث لائے گئے امور سے متعلق بریفنگ دینگے ۔رحمن ملک پاکستان میں سیاسی صورتحال ، امن وامان سے متعلق امور اور سندھ بالخصوص کراچی کی صورتحال بارے بھی آگاہ کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ رحمن ملک آصف علی زرداری کو نیب میں اصلاحات لانے کیلئے آرڈیننس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دینگے۔

(جاری ہے)

حکومتی عہدیداروں کی جانب سے نیب کیخلاف سخت بیان بازی سے بھی شریک چیئرمین کو آگاہ کیا جائے گا اور حکومت اور نیب کے معاملات کے حوالے سے حکمت عملی وضع کی جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی بڑی اپوزیشن جماعت ہونے کے پیش نظر حکومت کو ٹف ٹائم دینا چاہتی ہے اور رحمن ملک کی بلاول بھٹو زرداری سے حالیہ ملاقات اور آصف علی زرداری سے متوقع ملاقاتیں اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی ۔