پنجاب بھر میں کسی بھٹہ مالک کو چائلڈ لیبر قوانین کیخلاف ورزی کرنے کی جرات نہیں کرنے دینگے ‘راجہ اشفاق سرور

منگل 23 فروری 2016 16:22

قصور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کا قصور کا اچانک دورہ ‘چائلڈ لیبر قوانین پر عملدرآمد کے سلسلہ میں مختلف بھٹوں کا معائنہ کیا ۔ان کے ہمراہ ڈی او لیبر ، پولیس اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں پر چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائیگااور بچوں کو سکولوں میں داخل کروانا حکومت پنجاب کا ویژن ہے ۔

چائلڈ لیبر آرڈیننس پر عملدرآمد اور بھٹہ مزدور بچوں کی سکول داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام سائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پکی حویلی مصطفی آباداور وڈانہ کے قریب مختلف بھٹوں کے اچانک معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ پنجاب بھر میں کسی بھٹہ مالک کو چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی جرات نہیں کرنے دینگے اور خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

انہوں نے حکم دیا کہ تمام متعلقہ افسران روزانہ کی بنیادوں پر بھٹوں پر چائلڈ لیبر کو چیک کریں ۔انہوں نے مصطفی آباد کے قریب بھٹہ پر قائم سکول کا دورہ کیا اور بچوں سے پڑھائی بارے معلومات حاصل کیں اور شاباش دی ۔ اس موقع پر انہوں نے بھٹہ مالک کو حکم دیا کہ سکول کیلئے وسیع جگہ اور کمرہ بنا کر دیا جائے اور صفائی کا خاطر خواہ خیال رکھا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو بچے سکول جاتے ہیں انکی شخصیت میں نکار آتا ہے اور ان میں خود اعتمادی جنم لیتی ہے ۔ بچے کسی بھی ملک کا مستقبل اور امید ہوتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہی آگے چل کر نہ صرف ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہوتی ہے بلکہ مختلف شعبوں جن میں انجینئرنگ ، میڈیکل ، سائنس ، معاشیات اور آئی ٹی میں خدمات سرانجام دینا ہوتی ہیں ۔ اس موقع پر مزدوروں نے اپنے مسائل بیان کئے جسے صوبائی وزیر نے فوری حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔

متعلقہ عنوان :