احتساب کے شفاف عمل کو تیز کیا جائے ،قومی دولت لوٹنے والوں کو سرعام پھانسیاں دی جائیں ،ایمنسٹی انٹرنیشنل

منگل 23 فروری 2016 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) کراچی کے مقا می ہوٹل میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے منعقدہ کانفرنس بعنوان بدعنوانی سے پاک معاشرہ اور گڈگورننس سے خطاب کرتے ہوئے ایمیٹی انٹرنیشنل کے صدر محفوظ یا رخان نے کہا ہے کہ احتساب ہی وہ عمل ہے جس کو ہر خاص و عا م کیلئے یکساں ہونا چاہئے ۔پھر ملک کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

اس موقع پر ایمیٹی انٹرنیشنل کے جنرل سیکریٹری طارق شاداب کا کہنا تھا کہ بے رحم احتساب کے عمل کو اختیار کرکے ہی پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے ۔اگر اب بھی حکومت گڈگورننس میں ناکام ہوئی تو عوام کا غم و غصہ اور احساس محرومی ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرسکتی ہے ۔ماہر معاشیات ڈاکٹرشاہدہ وزارت کا کہناتھا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت روزبروز بڑھتی جارہی ہے اس اہمیت کے پیش نظر سازش کے تحت پاکستان کو زہریلی کھاد فراہم کی جارہی ہے جس کے باعث زرخیز زمین میں تباہ کن تبدیلیاں رونما ں ہورہی ہیں ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برگیڈیئر(ر) لطیف بٹ کا کہناتھا کہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے گڈگورننس قائم ہوتی ہے ۔بلدیاتی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائیں جائیں اور ان پر عمل درآمد کیاجائے ۔تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بہتر بنانے کیلئے عوامی کمیٹیاں ضروری ہیں ۔کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سابق ویجیلنس ڈائریکٹرنیب سندھ کرنل(ر) اسد اقبال چوہان نے کہا کہ بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ گڈگورننس کے زریعے ہی ممکن ہے انکا مزید کہنا تھا کہ نوجوان نسل ترقی کی راہ میں شامل ہوجائے اور اصلاحی عمل کا عہد کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنائیں ۔

انجینئر محمد وسیم یاسین نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف اور ملک کی ترقی کیلئے کیئے جانے والے ہر عمل کے ساتھ ذاتی حیثیت میں کھڑا ہونگا۔کانفرنس میں صحافی افتخار شاہ ،ممبر صوبائی اسمبلی ارم فاروقی ،نسرین پرویز ،سید اشرف شاہ ،اور میاں ارشان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :