بھارت کی جانب سے فراہم کیا جانے والا موبائل فون جیش محمد کے بہاولپور ہیڈ کوارٹر کا تھا ‘ سرتاج عزیز کاانکشاف

پاکستان اور بھارت کے درمیان خارجہ سیکرٹریز کی سطح کے مذاکرات کی حمتی تاریخ کیلئے فیصلہ بھارت کو کرنا ہے ‘مشیر خارجہ

منگل 23 فروری 2016 16:10

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ کے بعد بھارت کی جانب سے فراہم کیا جانے والا موبائل فون نمبر کالعدم جیش محمد گروپ کے بہاولپور ہیڈکوارٹر کا تھا ‘ پاکستان اور بھارت کے درمیان خارجہ سیکرٹریز کی سطح کے مذاکرات کی حمتی تاریخ کیلئے فیصلہ بھارت کو کرنا ہے، امریکہ میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کاامکان ہے ‘ حتمی جواب بھارت کے پاس ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق سرتاج عزیز نے انڈیا ٹوڈے نیوز چینل کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان خارجہ سیکرٹریز کی سطح کے مذاکرات کی حمتی تاریخ کیلئے فیصلہ بھارت کو کرنا ہے، جو پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کے باعث ملتوی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حملے کی تفتیش کیلئے پاکستان سے خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) مارچ کے ابتدائی دنوں میں بھارت کا دورہ کرسکتی ہے اور یہ بھی کہ پاکستان تحقیقات کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہاکہ جس وقت ثبوت موصول ہوئے اسی لمحے مسعود اظہر کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔سرتاج عزیز نے بتایا کہ پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے 4 روز قبل پاکستان میں درج کی جانے والی ایف آئی آر پاکستان کی خصوصی تفتیشی ٹیم کو قانونی اجازت فراہم کرتی ہے کہ وہ بھارت جاکر ثبوت اکٹھے کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ بھارت نے ایس آئی ٹی کے دورے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے اورجائے وقوع تک رسائی ہمیشہ تفتیش کاروں کو مدد فراہم کرتی ہے۔آئندہ ماہ واشنگٹن میں ہونے والی نیوکلیئر سیکیورٹی سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھارت ہم منصب نریندر مودی کی ملاقات کا امکان ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس کا جواب صرف بھارت کے پاس ہے۔