حکومت کی اقتصادی ٹیم کی ٹھوس کوششوں کے باعث پاکستان کی معیشت مستحکم ہے ، ملک کے شاندار مستقبل کو یقینی بنایا جائے گا، علاقائی امن اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی فعال پالیسی پر عمل پیرا ہیں

وزیراعظم محمد نواز شریف کی لندن سکول آف اکنامکس و پولیٹیکل سائنس کے ڈائریکٹر اور صدر پروفیسر گریگ کلہون سے ملاقات میں گفتگو

منگل 23 فروری 2016 14:02

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم کی ٹھوس کوششوں کے باعث پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہے اور مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں لندن سکول آف اکنامکس و پولیٹیکل سائنس (ایل ایس ای) کے ڈائریکٹر اور صدر پروفیسر گریگ کلہون سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت درست راستے پر گامزن ہے اور ملک کے شاندار مستقبل کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور ملک کے کونے کونے سے کامیابی کے ساتھ ان کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے علاقے میں اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے ایک فعال پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر گریگ نے کہا کہ پاکستان کے بابائے قوم کے کارناموں کے اعتراف میں ان کا انسٹیٹیوٹ لندن سکول آف اکنامکس و پولیٹیکل سائنس میں جناح چیئر قائم کرنے پر غور کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت لندن اسکول آف اکنامکس و پولیٹیکل سائنس کی مقامی یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ پاکستان میں مجموعی صورتحال کی بہتری کو سراہتے ہوئے لندن سکول آف اکنامکس و پولیٹیکل سائنس کے ڈائریکٹر نے کہا کہ وہ پاکستان میں نئی امید دیکھ رہے ہیں جو کچھ سال پہلے نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور پاکستان کی معیشت میں بھی بہت بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کا بہتر ماحول اور مثبت اقتصادی اشاریوں کا پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔ پروفیسر گریگ کلہون نے پاکستان کو اپنے تجربات سے مستفید کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ لندن اسکول آف اکنامکس و پولیٹیکل سائنس ارکان پارلیمنٹ کی اس سلسلے میں مدد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پالیسی سازی کے لئے اقتصادی لیڈر پیدا کرنے میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے وزیراعظم محمد نواز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے پروفیسر گریگ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں موجودہ استحکام کو وزیراعظم نواز شریف کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ قرار دیا۔

ملاقات میں بہتر تعلیمی نتائج کے حصول کے لئے طلباء کے تبادلوں اور پاکستانی محققین کو سہولت فراہم کرنے کے امکانات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت لندن اسکول آف اکنامکس و پولیٹیکل سائنس کی طرف سے پیش کئے جانے والے تعلیمی پروگراموں کا خیرمقدم کرے گی جن سے تعلیم کا معیار بہتر بنانے میں یقینی طور پر مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :