پاکستان کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا کامیابی کے ساتھ خاتمہ کررہے ہیں ‘ وزیراعظم نواز شریف

منگل 23 فروری 2016 13:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا کامیابی کے ساتھ خاتمہ کررہے ہیں
‘خطے میں امن واستحکام کیلئے ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ وہ منگل کو لندن اسکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹر کریگ کالہون سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ملاقات میں طلبہ کے تبادلے اور محققین کو سہولتیں فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

پاکستان کے بہترین مستقبل کو یقینی بنارہے ہیں ۔ پاکستان کی معیشت مستحکم اور مزید ترقی کررہی ہے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود ملک کے عظیم مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرینگے انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام یقینی بنانے کیلئے خطے میں ہمسایہ ملکوں سے فعال رابطے کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم مقامی جامعات کے ساتھ لندن سکول آف اکنامکس کی شراکت داری کی حوصلہ افزاائی اور خیرمقدم کریں گے۔۔ڈائریکٹر ایل ایس ای کریگ کالہون نے اس موقع پر کہا کہ لندن اسکول آف اکنامکس میں جناح چیئر قائم کرنے پر غور کررہے ہیں ‘چیئر قائم کرنے کا مقصدبانی پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کرناہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سے متعلق ایک نئی امید جاگی ہے، پاکستان اور خاص طور پر کراچی میں امن ومان کی صورتحال بہترہورہی ہے، مثبت اقتصادی اشاریوں سے پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر ہوا ہے۔

ایل ایس ای پارلیمنٹرینز کو اپنے تجربات سے آگاہ کریگا۔لندن سکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں صورتحال میں مجموعی بہتری کو سراہا۔ڈائریکٹر نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے وزیراعظم کے قائدانہ کردار کی بھی تعریف کی