وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کا ورکرز ویلفیئر ہائرسیکنڈری سکول برائے طلباء نشتر کالونی کا اچانک دورہ

منگل 23 فروری 2016 12:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) صوبائی ویر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ صنعتی کارکنوں اور مزدوروں کے بچوں کو پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت قائم سکولوں میں معیاری تعلیم اور منسلک سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات ورکرز ویلفیئر ہائر سیکنڈری سکول برائے طلباء نشتر کالونی فیروزپور روڈ کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔

وائس پرنسپل سکول یاسمین حمید، سکول انتظامیہ اور سینئر اساتذہ و سٹاف کے ارکان اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سکول پرنسپل خالدامیر کی سکول میں غیرموجودگی پر سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ اور ڈائریکٹر ایجوکیشن کو انکوائری کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے سکول کے آرٹس اینڈ کرافٹس سیکشن، لائبریری، لیبارٹری اور مختلف کلاسز کا معائنہ کیا۔

انہوں نے رجسٹر میں اساتذہ کی حاضری بھی چیک کی۔ وزیر محنت مختلف کلاس رومز میں گئے اور زیرتعلیم بچوں سے ان کی تعلیم اور دی جانے والی سہولیات بارے سوالات کئے۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سکول کے فرنیچر کی کمی اور مرکزی ہال کو استعمال میں نہ لائے جانے پر وائس پرنسپل کو ہدایت کی کہ سکول فرنیچر کی کمی کو پورا کیا جائے اور مرکزی ہال کو تدریسی و ادبی سرگرمیوں کیلئے استعمال میں لایاجائے۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سکول میں سکیورٹی انتظامات بھی چیک کئے۔انہوں نے سکول کے طلباء کیلئے ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سکول کی جونیئر کلاسز کے درمیان جاری کرکٹ میچ بھی دیکھا اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

متعلقہ عنوان :