کرم ایجنسی : افغانستان سے ایف سی کی چیک پوسٹ پر 3 راکٹ فائر، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

منگل 23 فروری 2016 12:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) پاک افغان سرحد پر وفاق کے زیر انتظام علاقے اپر کرم ایجنسی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ کے قریب سرحد پار سے تین راکٹ فائر کیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق نامعلوم سمت سے کیے گئے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔فوری طور پر یہ بھی معلوم نہ ہو سکا کہ راکٹ کس نے فائر کیے تھے، کیونکہ قبل ازیں افغان فورسز کی جانب سے بھی سرحد پار سے مارٹر گولے داغے جانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی کے لیے کیے گئے اس حملے کی کسی شدت پسند گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاک افغان سرحد پر وفاق کے زیر انتظام قبائلی ایجنسیوں میں فورسز پر حملے کرنے کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز کرم ایجنسی میں ڈرون حملہ کیا گیا تھا، متعدد میزائل فائر کیے گئے جس سے مبینہ عسکریت پسندوں کے 3 ٹھکانے تباہ جبکہ ایک مشتبہ شدت پسند کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی البتہ یہ واضح نہ ہو سکا کہ یہ ڈرون حملہ پاک فوج نے کیا تھا یا امریکی طیاروں نے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ 5 روز قبل مہمند ایجنسی میں 2 مقامات پر حملہ کیا گیا تھا جس میں خاصہ دار فورس کے 9 اہلکار ہلاک ہوئے تھے، ان حملوں کی ذمہ داری شام اور عراق کی شدت پسند تنظیم داعش کی حامی تنظیم جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔اس حملے کے 2 روز بعد مہمند ایجنسی میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر حملوں کی منصوبہ کرنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔

متعلقہ عنوان :