اکبربگٹی قتل کیس میں بریت کے خلاف درخواست پر پرویز مشرف کونوٹس جا ری

منگل 23 فروری 2016 12:33

کو ئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) بلوچستان ہائی کورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے پرویز مشرف اور دیگر نامزد شخصیات کو نوٹس جاری کردیئے۔بلوچستان ہائی کورٹ میں اکبربگٹی قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف نوابزادہ جمیل اکبربگٹی کی آئینی درخواست کی ابتدائی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سماعت میں درخواست گزارکے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے نامزد ملزمان کی بریت کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں، اس لئے عدالت عالیہ اسے کالعدم قرار دے۔عدالت عالیہ نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد درخواست کو سماعت کے لئے منظورکرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف، آفتاب شیرپاوٴاورمیرشعیب نوشیروانی کونوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

اس کے علاوہ ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت سے کیس کاسارا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔واضح رہے کہ کوئٹہ میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 6 سال تک کیس کی سماعت کے بعد 18 جنوری کو اکبربگٹی قتل کیس میں پرویزمشرف، اس وقت کے وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیرپاوٴ اورصوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو کیس سے بری کردیا تھا

متعلقہ عنوان :