یو ایس ایڈ پاکستان کے سربراہ مسٹر مائلز ٹوڈر کی پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف سے ملاقات

پیر 22 فروری 2016 22:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) یو ایس ایڈ پاکستان کے سربراہ مسٹر مائلز ٹوڈر نے وائس چانسلر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور اورپنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر یو ایس ایڈ کے کامران نیازی، مس رخسانہ اور آئی ٹی یونیورسٹی کے رجسٹرار ظہیر سرور بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی چلائے جانے والے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پنجاب کا ای ویکسی نیشن پروگرام خیبر پختونخوا ہ اور بلوچستان میں بھی رائج ہو رہا ہے کیونکہ اس کی سمارٹ مانیٹرنگ کی بدولت پنجاب میں ویکسی نیٹروں کی حاضری 21فیصدسے91فیصد تک بڑھ گئی ہے اور ویکسین کی فراہمی میں بھی 18فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

مسٹر ٹوڈر نے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت اور لائیو سٹاک کے شعبوں اشتراک کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ پنجاب سے غربت ، بیماری اور ناخواندگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ لاہور میں ہونے والی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ڈیزائن کانفرنس میں پیش کیے گئے منفرد منصوبوں کو حکومت پنجاب کی جانب سے عملی طور پر رائج کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آئی ٹی یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے پر ڈاکٹر عمر سیف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔