ڈاکو مقامی تاجر سے 35 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 فروری 2016 21:40

لکی مروت(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22فروری۔2016ء)لکی مروت میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث اب دن کوبھی ڈاکے شروع ہوگئے ہیں،حبیب بینک لکی مروت برانچ کے سامنے سے نامعلوم ڈاکو مقامی تاجر سے 35 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق مقامی تاجر عبدالوحید ولد عبدالستارعرف ٹیڈی ستار دوکان سے دوتھیلوں میں42لاکھ روپے لے کر موٹر سائیکل پرحبیب بینک لکی مروت برانچ جمع کرنے گئے۔

جیسے ہی وہ بینک کے سامنے پہنچا دونامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ان سے ایک شاپر میں بند 35 لاکھ روپے چھین لئے اور فرار ہو گئے۔تاجر عبدالوحید نے کچھ دور تک موٹر سائیکل پر ڈاکوؤں کا پیچھا کیا لیکن بدحواسی میں موٹر سائیکل ان سے گر پڑی اور ڈاکو محلہ خوائیداد خیل کی جانب جانے والی گلی میں فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حبیب بینک شہر کے مصروف ترین بازار میں واقع ہے۔

واقعے کے بعد ڈی ایس پی خانخیل بھی موقع پر پہنچ گیااوربینک کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی مدد سے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ان کا کہنا تھا کہ بینک کے دو کیمروں میں ڈاکوؤں کی تصاویر آگئی ہیں ۔آل شاپ کیپرزنے آج منگل کے روزمکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کااعلان کیاتھا،لیکن بعدازاں ضلعی ناظم اشفاق احمدخان کی یقین دہانی پرڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے آل شاپ کیپرز یونین نے تین دن کی ڈیڈلائن دی ہے۔