حکومت کا پی آئی اے کے کسی اثاثے کی فروخت کا کوئی ارادہ نہیں ، چین سے لوکوموٹو انجن درآمد کرنے کا فیصلہ گزشتہ دو حکومت میں کیا گیا، 16 خراب انجنوں کے نقائص درست کرنے کیلئے چینی کمپنی نے کام شروع کر دیا ،2025 تک ملک کے ہر ضلع میں ایک پورس قائم کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، سیلاب اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی جنگلات پالیسی تیار کرلی گئی، اسلام آباد میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے کے درمیان اختیارات کی تقسیم کے معاملے پرکام ہورہاہے

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر زاہد حامد ،وزرائے مملکت شیخ آفتاب،طارق فضل، انوشہ رحمان اور پارلیمانی سیکرٹریزکی جانب سے ارکان کے سوالوں کے جواب

پیر 22 فروری 2016 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں حکومت کی طرف سے ارکان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حکومت کا پی آئی اے کے کسی اثاثے کو فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، چین سے لوکوموٹو انجن درآمد کرنے کا فیصلہ گزشتہ حکومت کے دور میں کیا گیا،29 میں سے 16 خراب انجنوں کے نقائص درس تکرنے کیلئے چینی کمپنی کے انجینئرز نے کام شروع کر دیا ہے،2025 تک ملک کے ہر ضلع میں ایک پورس قائم کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، سیلاب اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی جنگلات پالیسی تیار کرلی گئی، پاکستان موسمیاتی تغیرات کی زد میں آنے والے ملکوں کی فہرست میں 8ویں نمبر پر آ گیا، اسلام آباد میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے کے درمیان اختیارات کی تقسیم کا معاملہ پراسس میں ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو ایوان میں وقفہ سوالات میں ارکان کے سوالوں کے جواب وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد ،وزیرمملکت آئی ٹی انوشہ رحمان، وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل، وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب، پارلیمانی سیکرٹری ریلوے سبطین بخاری، پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب اور پارلیمانی سیکرٹری درشن لعل نے دیئے۔ ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری درشن لال نے کہا کہ حکومت کی منصوبہ بندی ہے کہ 2025 تک ہر ضلع کی سطح پر یونیورسٹی یا یونیورسٹی کیمپس قائم کیا جائے، کسی جگہ قائم کیمپس بند کرنے کی کوئی اطلاع نہیں۔

ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ گلیشیئرز پگھلنے سے پاکستان میں برسات کے موسم میں سیلاب آتے ہیں ، اس حوالے سے ایک بین الاقوامی سٹڈی کروا رہے ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر قومی جنگلات پالیسی تیار کرلی گئی ہے، صوبوں سے مل کر اس پر عمل درآمد کرایا جائے گا، جنگلات کے کاٹے جانے سے خطے میں موسم غیر یقینی ہو گئے ہیں۔

شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ تھری جی ٹیکنالوجی کی نیلامی سے ملک میں روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوا ہے، ٹیلی کام کے شعبے میں 2 ارب 66کروڑ ڈالر میں مزید سرمایہ کاری ہوئی ہے، برآمدات کے شعبے میں 41 فیصد آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر موسمیاتی تغیر زاہد حامد نے کہا کہ سملی ڈیم میں آلودگی کے خاتمے کیلئے ارد گرد کے ایریاز میں ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا دیئے گئے ہیں۔

ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ 2015-16 کے دوران حکومت نے اخبارات اور چینلز کو 10482اشتہارات دیئے گئے۔ ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ریلوے سبطین بخاری نے کہا کہ اس وقت اوسطاً فی یوم 106 مسافر اور 60مال بردار ٹرینیں چل رہی ہیں، جون 2013 میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو صرف 96 مسافر اور ایک مال بردار ٹرین چل رہی تھی،3 ٹرینیں عالمی روٹس پر چلتی ہیں، شٹل ٹرینیں 2 چل رہی ہیں، 58 لوکوموٹوز انجن چین سے منگوائے گئے تھے، موجودہ حکومت نے 75 لوکو موٹوز امریکہ سے منگوانے کیلئے ٹینڈر کر دیا ہے، موجودہ حکومت نے کوئی مسافر ٹرین بند نہیں کی، بند روٹس کو منافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے کے درمیان اختیارات کی تقسیم پراسس میں ہے، جلد دونوں کے درمیان اختیارات کی حدود طے کر دی جائیں گی، میٹروپولیٹن کارپوریشن بھی تجاوزات کے خاتمے اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں سی ڈی اے کے رولز کے نفاذ کو یقینی بنائے گی، رورل ایریاز کیلئے ایک اتھارٹی زیر غور ہے جو ساری صورتحال کی نگرانی کرے گی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و تربیت درشن لال نے کہا کہ اسلام آباد کی سرکاری یونیورسٹیوں میں بھرتیاں رولز کے مطابق کی گئی ہیں، گریڈ ایک سے گریڈ 16تک بھرتیاں یونیورسٹی خود کرتی ہے، گریڈ 16سے اوپر کی تقرریاں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کرتی ہے، جس میں پبلک سروس کمیشن کا ممبر بھی شامل ہوتا ہے، معاملہ کمیٹی میں لے جانے پر ہمیں اعتراض نہیں ہے۔

وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقے میں ایک طالبات کا اور ایک طلبہ کا ڈگری کالج قائم ہے ان کالجوں کی اراضی پر قبضہ ختم کرایا ہے طالبات کے کالج کے گرد چار دیواری قائم کی جائے گی، اسلام آباد میں 428تعلیمی اداروں میں عمارات اور سہولیات کی اپ گریڈیشن کا پلان زیر عمل ہے، پہلے مرحلے میں پہلے سے قائم اداروں کو اپ گریڈ کریں گے دوسرے مرحلے میں جائز لیں گے کہ اسلام آباد میں کتنے تعلیمی اداورں کی ضرورت ہے پھر نئے ادارے بھی قائم کیے جاسکتے ہیں۔

نعیمہ کشور کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا کہ اس وقت صوبہ کے پی کے میں پی آئی اے کے اثاثوں کی مختلف علاقوں میں واقعہ ہے ، جس کی قیمت کروڑوں روپے ہے، حکومت کا پی آئی اے کے کسی اثاثے کو فروخت کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ سمجھوتا ایکسپریس اس وقت بھی چل رہی ہے ، چین کے لوکو موٹوز انجن فراہم کرنے والی کمپنی نے 16خراب انجنوں کے معاہدے کے تحت مرمت شروع کردی ہے، کمپنی کے ساتھ 5سالہ وارنٹی کا معاہدہ ہے ، معاملہ تحقیقات کیلئے ایوان کو بھی بھجوا دیاگیا ہے ۔

زاہد حامد نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان 8ویں نمبر پر آگیا ہے ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے وسیع پیمانے پر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے