ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گے‘ محمد شہبازشریف

ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے ترقی ہوتی نہیں دیکھ سکتے، ترقیاتی منصوبوں کی مخالف منفی سیاسی قوتیں قوم کی ترقی کاراستہ نہیں روک سکتیں ساہیوال کول پاور پلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ منصوبہ 2017 میں مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہوگا، متبادل ذرائع سے بھی توانائی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے، راجن پور میں 250میگاواٹ کے4ونڈ پاور پلانٹ لگائے جائینگے ،ہمارا ہر قدم ملک کو روشن کرنے کی جانب اٹھ رہا ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اورکارکنوں کے وفد سے گفتگو

پیر 22 فروری 2016 20:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ محفوظ اور ترقی یافتہ ہے، وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی لحاظ سے مضبوط قوت بنے گا،سابق حکمرانوں کی غلط ترجیجات نے ملک و قوم کو مسائل سے دوچار کیا،ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر چکے ہیں، ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے ملک میں ترقی ہوتی نہیں دیکھ سکتے ، ترقیاتی منصوبوں کی مخالف منفی سیاسی قوتیں عوام کی ترقی کاراستہ نہیں روک سکتیں،ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عبادت سمجھ کر عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے اور عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اورکارکنوں کے و فد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیاد ت میں بجلی کے منصوبوں کیلئے اڑھائی برس کے دوران انتہائی محنت سے کام کیا گیا ہے۔ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر انتہائی تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے جھنگ میں حویلی بہادر شاہ، شیخوپورہ پورہ میں بھکی اور بلوکی میں پاورپلانٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے جبکہ ساہیوال میں کول پاور پلانٹ کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس کول پاو رپلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ منصوبہ 2017 میں مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی توانائی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔

ہمارا ہر قدم ملک کو روشن کرنے کی جانب اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اورچین و ڈنمارک کی کمپنیوں کے مابین جنوبی پنجاب میں 2320میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کے معاہدے طے پاچکے ہیں اوران منصوبوں پر جلد کام کا آغاز کیا جارہا ہے۔پنجاب حکومت اورڈنمارک کے درمیان طے پانیوالے معاہدے کے تحت ڈنمارک کی ونڈ پاور جنریشن کی بین الاقوامی کمپنی ویسٹاز جنوبی پنجاب کے علاقے راجن پور میں 250میگاواٹ کے4ونڈ پاور پلانٹ لگائے گی جبکہ چین کی معروف کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور اورپنجاب حکومت کے مابین ہونیوالے معاہدے کے مطابق چینی کمپنی رحیم یار خان میں 660 میگاواٹ کے2کول پاور پلانٹ لگائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں اوران علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں ہوا سے بجلی کے حصول کے پلانٹ لگائے جاسکتے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ بجلی کے نئے منصوبے لگنے سے ملک میں نہ صرف معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی بلکہ سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ مسلم لیگ(ن) کے وفد نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی مخلصانہ کاوشیں رنگ لائیں گی اورملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف بھر پورانداز میں عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں اوران کی قیادت میں مکمل کیے گئے میگاپراجیکٹس سے عوام مستفیدہورہے ہیں۔