غیرت کے نام پر کسی کو قتل کردینا غیرت نہیں ٗ سنگین جرم ہے ٗ محمد نوازشریف

اس قابل نفرت اقدام کو روکنے کے لئے موجودہ حکومت سے جو ہوسکا وہ کیا جائے گا ٗشرمین عبید کی دستاویزی فلم کی رونمائی غیرت کے نام پر قتل کے مسئلے کے حل کے لیے حکومتی عزم کی عکاس ہے ، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

پیر 22 فروری 2016 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر کسی کو قتل کردینا غیرت نہیں ٗ سنگین جرم ہے ٗ اس قابل نفرت اقدام کو روکنے کے لئے موجودہ حکومت سے جو ہوسکا وہ کیا جائے گا ٗشرمین عبید کی دستاویزی فلم کی رونمائی غیرت کے نام پر قتل کے مسئلے کے حل کے لیے حکومتی عزم کی عکاس ہے۔

وزیراعظم آفس میں شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم ’’ آ گرل ان دا ریور‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ شرمین عبید چنائے نے غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر فلم بنا کر اچھا کام کیا اور انہوں نے معاشرے کے چیلنجنگ موضوعات کا انتخاب کیا جس نے معاشرے کے تاریک پہلوؤں پرروشنی ڈالی ٗ فلم سازی میں پاکستانی بیٹی کی عزت افزائی پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غیرت کے نام پر قتل غیرت نہیں بلکہ سنگین جرم ہے اور اس قابل نفرت اقدام کو روکنے کے لئے موجودہ حکومت سے جو ہوسکا وہ کیا جائے گا،اسلام خواتین کے حقوق پر خاص توجہ دیتا ہے اور انہیں مردوں کے مساوی حقوق دیتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسی دیگر روایت اسلام سمیت تمام مذاہب میں ناپسندیدہ ہیں کیونکہ اسلام نے خواتین کے حقوق اور عزت کی حفاظت کو پسندیدہ قراردیا ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح چاہتے تھے کہ پاکستان میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں اور اسی ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت خواتین کو حقوق دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ شرمین عبید کے اقدامات قابل ستائش ہیں اور انہیں فخر ہے کہ پاکستان کی بیٹی نے فلم سازی کے میدان میں نمایاں اعزاز حاصل کیا ہے۔وزیراعظم ہاؤس میں فلم کی اسکریننگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شرمین عبید چنائے نے وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیاانہوں نے کہاکہ معاشرے میں سچ بولنا نہایت مشکل کام ہے لیکن ان کے والد نے انہیں ہمیشہ سچ بولنا سکھایا ہے۔شرمین نے اس موقع پر اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں آئندہ کوئی بیٹی غیرت کی بھینٹ نہیں چڑھے گی۔