اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کے حل کرنے کے لئے شکایات سیل ر قائم کیا جائیگا، شیخ انصر عزیز

تاجر برادری اسلام آباد کی بہتر ترقی کیلئے نومنتخب بلدیاتی حکومت کے ساتھ تعاون کریگی، عاطف اکرام شیخ

پیر 22 فروری 2016 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ کی سربراہی میں شیخ انصر عزیز سے ملاقات کی اور انہیں اسلام آباد کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر اسلام آباد کے نومنتخب میئر کو تاجر برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیااور اس بات پر زور دیا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے میں تعاونن کریں تاجر برادری سازگار ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکے۔

اسلام آباد کے نو منتخب میئر شیخ انصرعزیز نے آئی سی سی آئی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلف اٹھانے کے بعد تاجر برادری سمیت شہریوں کے مسائل درج کرنے کیلئے ایک شکایات سیل قائم کریں گے تا کہ مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

شیخ انصر عزیز نے کہا کہ تاجر برادری مقامی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا نومنتخب بلدیاتی حکومت تاجروں کے تمام اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے بھر پور کوشش کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کرپش کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مقامی اداروں کے ساتھ برتاؤ کرتے وقت کرپشن کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکے انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ چارج سنبھالنے کے بعد وہ اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کریں اور تاجر برادری کے مسائل سنیں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹر ی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد کے نومنتخب میئر شیخ انصر عزیز کو یقین دلایا کہ تاجر برادری وفاقی دارالحکومت کو جدید طرز پر استوار کرنے کے لئے مقامی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی مارکیٹوں، تجارتی مراکز اورصنعتی علاقوں میں سڑکوں ، فٹ پاتھ، پارکنگ کی سہولتیں ، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور نکاسی کا نظام بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اور اس امید کااظہار کیا کہ اسلام آباد کے نو منتخب میئر مذکورہ مسائل کو حل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔

صدر آئی سی سی آئی نے شیخ انصر عزیز کو اسلام آباد کی تاجر برادری سے ملاقات اور تبادلہ خیال کرنے کے لئے چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے نائب صدر شیخ عبدالوحید اور سابق سینئر نائب صدر خالد محمود چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔