نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام آٹھویں سالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کا آغاز (کل )ہوگا

افتتاح سیشن میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور حمزہ شہباز مہمان خصوصی ہونگے ، کانفرنس 25فروری تک جاری رہے گی

پیر 22 فروری 2016 18:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام آٹھویں سالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کا آغاز کل (منگل )23 فروری سے ایوانِ کارکنانِ تحریکِ پاکستان‘ -100شاہراہِ قائداعظمؒ لاہور میں ہو گا۔ اس کانفرنس میں کارکنان تحریک پاکستان،اندرون و بیرون ملک سے نظریۂ پاکستان فورمز کے عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کے نمائندہ وفود بالخصوص اساتذۂ کرام شرکت کریں گے۔

تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر مملکت و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی زیر صدارت قومی یکجہتی کی مظہریہ کانفرنس جمعرات25فروری 2016ء تک جاری رہے گی ۔ اس کانفرنس کا کلیدی موضوع’’پاکستان کی سربلندی اور بقاء کے لیے یکساں نظریاتی وژن‘‘ ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی افتتاحی نشست آج (منگل )23فروری کو 09:30بجے منعقد ہوگی ۔کانفرنس کے آغاز پر سابق صدر مملکت محمد رفیق تارڑ کارکنانِ تحریکِ پاکستان (گولڈ میڈلسٹس ) کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کریں گے۔

بعدازاں وائیں ہال میں منعقدہ افتتاحی نشست میں شرکاء قومی عہد کی تجدید کریں گے۔اِس نشست کے مہمان خاص مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ،ہیڈ آف دی پبلک افیئرز ‘ حکومت پنجاب و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد ر فیق ہوں گے ۔مہمانانِ گرامی کارکنان تحریک پاکستان جبکہ ممبر قومی اسمبلی بیگم مجیدہ وائیں خصوصی طور پر شریک ہوں گی ۔

پہلے دن دوسری نشست میں نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک ’’پاکستان کو امن‘ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کریں گے۔سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید ٹرسٹ کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔اس کانفرنس کے دوران مختلف موضوعات پر نونشستیں منعقد ہوں گی جن میں تحریک پاکستان کے کارکنان، اہم سیاسی و مذہبی رہنما،ممتاز دانشور،قانون دان اور ماہرین تعلیم خطاب کریں گے۔

کانفرنس میں12 موضوعاتی گروہی مباحثے بھی منعقد ہوں گے جس کے چیف کوآرڈی نیٹر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد ہوں گے جبکہ معاونین کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر پروین خان‘ بیگم صفیہ اسحق‘ محترمہ ڈاکٹر راشدہ قریشی اور ڈاکٹر یعقوب ضیاء ادا کریں گے۔ گروپ نمبر 1 کا موضوع ’’دہشت گردی اور انتہا پسندی کے تدارک کیلئے ہماری ذمہ داریاں‘‘ ہے اور اس گروپ کی صدارت بیگم مہناز رفیع کریں گی جبکہ سید اظہر مقبول شاہ ایڈووکیٹ کوآرڈی نیٹرہوں گے۔

گروپ نمبر2کا موضوع’’پاکستان کے ترقیاتی وسائل اور توانائی کے بحران کا حل‘‘ ہے جس کی صدارت جسٹس (ر) منیر احمد مغل کریں گے جبکہ میجر (ر) صدیق ریحان کوآرڈی نیٹر ہوں گے۔ گروپ نمبر3کا موضوع’’سیاست میں جمہوری روایات کا فروغ اور استحکام کیسے ممکن ہے؟‘‘ ہے جس کی صدارت چوہدری نعیم حسین چٹھہ کریں گے جبکہ پروفیسر محمد مظہر عالم کوآرڈی نیٹر ہوں گے۔

گروپ نمبر4کا موضوع’’سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں کیسے آگے بڑھا جائے؟‘‘ ہے اور اس گروپ کی صدارت صدارت ڈاکٹرا جمل نیازی کریں گے جبکہ پروفیسر محمد شفیق کھوکھر کوآرڈی نیٹرہوں گے۔گروپ نمبر5کا موضوع’’بھارتی آبی جارحیت اور اُس کا سدباب‘‘ ہے اور اس گروپ کی صدارت صدارت انجینئر سلیمان نجیب خان کریں گے جبکہ خالد مجید کوآرڈی نیٹر ہوں گے۔

گروپ نمبر6کا موضوع ’’یکساں نصاب اور نظام تعلیم کیسے ممکن ہے؟‘‘ ہے اور اس کی صدارت صدارت بیگم بشریٰ رحمن کریں گی جبکہ پروفیسر ریحانہ ارشد کوآرڈی نیٹر ہوں گی۔ گروپ نمبر7کا موضوع ’’خطے کے بدلتے تناظر میں……نظریۂ پاکستان قومی استحکام کی ضمانت‘‘ ہے اور اس کی صدارت جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال کریں گی جبکہ پروفیسر شہناز ستار کوآرڈی نیٹر ہوں گی۔

گروپ نمبر8کا موضوع ’’دنیا کی تیسری بڑی زبان’’اُردو‘‘ کا عملی نفاذ کیسے ممکن ہے؟ ‘‘ ہے اور اس کی صدارت عزیز ظفر آزاد کریں گے جبکہ پروفیسر رضوان الحق کوآرڈی نیٹر ہوں گے ۔گروپ نمبر9کا موضوع ’’عوام میں قانون کی پابندی کا احساس کیسے بیدار کیا جائے؟‘‘ ہے جس کی صدارت محمد آصف بھلی ایڈووکیٹ کریں گے جبکہ پروفیسر محمد یوسف عرفان کوآرڈی نیٹر ہوں گے۔

گروپ نمبر10کا موضوع’’الیکٹرانک میڈیا پر بھارتی ثقافتی یلغار اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ ہے اور اس کی صدارت رانا محمد ارشد پارلیمانی سیکرٹری کریں گے جبکہ اصغر عبداﷲ (ممتاز صحافی‘ دانشور) کوآرڈی نیٹر ہوں گے۔ گروپ نمبر11کا موضوع ’’خواتین کے خلاف تعصبات کا تدارک کیسے ممکن ہے؟‘‘ ہے اور اس کی صدارت بیگم خالدہ جمیل چوہدری کریں گی جبکہ رافعہ ناہید اکرام کوآرڈی نیٹر ہوں گی۔

گروپ نمبر 12کا موضوع ’’نظریۂ پاکستان کے فروغ کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کیا کردار ادا کرنا چاہیے؟‘‘ ہے اور اس کی صدارت ڈاکٹر خالد عباس کریں گے جبکہ پروفیسر عشرت بانو کوآرڈی نیٹر ہوں گی۔آج پہلے دن 3بجے سہ پہر بجے چوتھی نشست( کشمیر سیشن) بعنوان ’’خطے کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جدوجہد‘‘ منعقد ہو گی ۔

اس نشست کی صدارت چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ و چیف جسٹس(ر) وفاقی شرعی عدالت چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد کریں گے۔ جبکہ مقررین میں ایڈیٹر دی نیشن سلیم بخاری،صدر نظریۂ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش، احمد اویس ایڈووکیٹ، صدر نظریۂ پاکستان رابطہ کونسل محمد یعقوب شیخ اور چیئرمین تحریک حرمت رسولؐ پاکستان مولانا امیر حمزہ شامل ہیں ۔