پبلک ٹرانسپورٹ پر 60 ہزار درہم سے زائد رقم لیجانا غیر قانونی قرار ، خلاف ورزی کرنے والوں‌ کو جُرمانہ کیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 فروری 2016 17:10

پبلک ٹرانسپورٹ پر 60 ہزار درہم سے زائد رقم لیجانا غیر قانونی قرار ، خلاف ..

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2016ء): دبئی پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ پر 60 ہزار درہم سے زائد رقم لیجانا غیر قانونی قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر دورانٍ سفر 60 ہزار درہم سے زائد رقم، یا اس سے زائد مالیت کی کوئی بھی چیز لیجانا غیر قانونی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جُرمانہ عائد کیا جائے گا۔

دبئی پولیس میں ٹرانسپورٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے سر براہ لیفٹیننٹ کرنل محمد البٹاکی کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی اتنی رقم یا اس مالیت کی چیزیں اپنے ساتھ لے کر سفر کرتا ہے ، وہ چوروں ، ڈاکوؤں اور مجرموں کے ہاتھوں ممکنہ طور پر لوٹے جانے کے ساتھ ساتھ اپنی جان کو بھی خطرے میں ڈالتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک ایشیائی باشندہ دبئی میٹرو پر سونے اور ہیرے کے زیورات سے بھرا ہوا بیگ لے کر سفر کر رہا تھا جس پر ہم نے قانون توڑنے پر جُرمانہ عائد کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ دکانداروں کو اس قسم کے سامان کی منتقلی کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر خود سفر کرنے کی بجائے اسپیشل منی ٹرانسفر کمپنیوں سے رابطہ کرنا چاہئیے۔ یفٹیننٹ کرنل محمد البٹاکی نے مزید بتایا کہ ایسے ہی ایک کیس میں ایک ایشیائی باشندہ ایک لاکھ 65 ہزار درہم ایک بیگ میں رکھ کر لیجا رہا تھا لیکن جب اس شخص سے اس رقم سے متعلق جواب طلب کیا گیا تو وہ کوئی تسلی بخش جواب دینے سے قاصر رہا۔

اس نے پولیس کو بتایا کہ اس کے گھر پر مزید 15 ملین درہم موجود ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ اسے بنک سے لین دین پسند نہیں۔ تاہم مذکورہ شخص کو بعد ازاں مزید تحقیقات کے لیے الرشیدیا پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد البٹاکی نے کہا کہ چور اور لٹیرے ان افراد کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہوتے ہیں اور عین ممکن ہے کہ یہ لوگ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ہی لوٹے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھاری مقدار میں رقم اور زیادہ مالیت کی چیزیں لے کر سفر کرنے سے ایسے افراد اپنی جان کو خود ہی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔