وزیر محنت راجہ اشفا ق سرور کا جیا بگا میں چائلڈ لیبر کی چیکنگ کے لیے مختلف بھٹہ خشت کا اچانک معائنہ

پیر 22 فروری 2016 16:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ صوبہ بھر کے بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں گے،14 سال سے کام عمر بچوں کی مشقت کا خاتمہ اورسکولوں میں داخلہ حکومت پنجاب کا ویژن ہے ،چائلڈ لیبر آرڈنینس پر عملدرآمد اوربھٹہ مزدور بچوں کی سکول داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے یہ بات جیابگا میں چائلڈ لیبر آرڈنینس پر عملدرآمد کی چیکنگ کیلئے اینٹوں کے مختلف بھٹوں کے اچانک معائنے کے موقع پر کہی۔ ڈسڑکٹ لیبر آفیسر لاہور سید حسنات جاویداور محکمہ لیبر کے دیگر اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے بھٹہ خشت پررہائش پذیر بچوں کے قریبی سکولوں میں 100فیصد داخلے پر اطمینان کا اظہار کیاتاہم انہوں نے خالد برکس کمپنی اور منظور برکس کمپنی کے بھٹوں پرکام میں مصروف والدین کے قریب کھیلنے والے 14سال سے کم عمر بچوں کی موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں پر بچوں کی موجودگی کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

بچوں کے بھٹہ مزدور والدین نے وزیر محنت کو آگاہ کیا کہ بچے بیماری کی وجہ سے سکول نہیں جاسکے تھے۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر سید حسنات جاوید کو بچوں کے سکولوں میں بھیج کر ان کے داخلے کی موقع پر چیکنگ کروائی اور تصدیق ہوئی کہ بچے سکولوں میں داخل ،تاہم بیماری کی وجہ سے چھٹی پر تھے۔راجہ اشفاق سرور نے بھٹہ مزدوروں ، مالکان، اور منیجر کو تنبیہ کی کہ وہ بھٹوں پر بچوں کو کسی صورت موجود نہ رہنے دیں اور انہیں سکول بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدور اپنے علیل بچوں کو رہائش گاہوں تک محدود رکھیں اور بھٹوں پر نہ آنے دیں۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ڈی سی او، ڈی پی او، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر سرکاری حکام بلاناغہ بھٹوں پر چائلڈ لیبر آرڈیننس پر عملدرآمد کی چیکنگ کریں۔وزیر محنت نے موقع پر موجود بھٹہ مزدور الدین کو یقین دلایاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے خصوصی تعلیمی پیکیج کے تحت نئے شروع ہونے والے تعلیمی سیشن سے ان کے سکول داخل ہونے والے بچوں کو مفت کتابیں، سٹیشنری، یونیفارم ، جوتے اور وظائف کی فراہمی شروع کردی گی۔