فیصل آباد،چائلڈ لیبر کی آڑ میں مالکان کے خلاف مقدمات اور ناجائز گرفتاریوں کے خلاف مرحلہ وار احتجاجی حکمت عملی طے

پیر 22 فروری 2016 16:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے سینکڑوں بھٹہ مالکان نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے چائلڈ لیبر کی آڑ میں مالکان کے خلاف مقدمات اور ناجائز گرفتاریوں کے خلاف مرحلہ وار احتجاجی حکمت عملی طے کر لی ہے ۔جس کے تحت پلان اے کے مطابق پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے،پلان بی کے تحت پورے پنجاب میں دھرنے اور پلان سی کے تحت پنجاب بھر کے تمام بھٹے بند کر دیئے جائیں گے۔

تاہم اس بات کا حتمی فیصلہ آج منگل کے روز لاہور میں ہونے والے بھٹہ مالکان کے مرکزی اجلاس عام میں کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے جھنگ روڈ پر بھولا گجر کے ڈیرے پر ریجن بھر کے بھٹہ مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر جھنگ گلاب خان،صدر چنیوٹ جمشید چیمہ،صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ شیخ عامر فیاض ،حاجی محمد اسلام،میاں محمد یوسف،رانا بلو خاں،چوہدری غلام مصطفی،چوہدری اشرف گجر،رانا فرمان علی،رانا عبدالرشید،میاں فرمان اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ بھٹہ انڈسٹری سے ملک کی 40سے زائد دیگر صنعتیں وابستہ ہیں اگر انہوں نے بھٹے بند کر دیئے تو اربوں روپے کا سیمنٹ،سریا،بجری ،ماربل اور دیگر سامان تباہ ہو جائے گا اور اس کاروبار سے وابستہ لاکھوں مزدور بے روزگار ہو جائیں گے جس کی تمام ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چند شر پسند لیبر لیڈروں سے بلیک میل ہو کر ان کا کاروبار تباہ کرنا چاہتی ہے ۔

بھٹہ مالک اب کسی بھی ملک دشمن عناصر سے بلیک میل نہیں ہوں گے اور فیصل آباد کو کراچی نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیکٹری ایکٹ لاگو کرنے کی بجائے بھٹہ ایکٹ علیحدہ بنایا جائے ۔ چائلڈ لیبر کے تحت بھٹہ مالک کے خلاف مقدمہ درج ہوتا ہے تو اس بچے کے باپ کے خلاف بھی مقدمہ درج ہونا چاہئے۔مزدوری کا ریٹ زمینی حقائق کے مطابق طے کیا جائے۔انہوں کہا کہ بھٹہ مالک ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں جو ناقابل قبول ہے

متعلقہ عنوان :