حسن ابدال میں تخریب کاری کی کوشش

ریلوے لائن کے اوپرنامعلوم افرادنے کرین کھڑی کردی خیبرمیل ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی،دومشتبہ افرادزخمی حالت میں گرفتار

پیر 22 فروری 2016 16:35

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء)حسن ابدال میں تخریب کاری کی کوشش،ریلوے لائن کے اوپرنامعلوم افرادنے دیوہیکل کرین کھڑی کردی خیبرمیل ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی،کرین بری طرح پچک گئی ،مقدمہ درج،دومشتبہ افرادزخمی حالت میں گرفتار۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزاتوار اورپیرکی درمیانی شب 12.20پر پشاورسے کراچی جانے والی خیبر میل ایکسپریس اس وقت خوفناک حادثے سے بال بال محفوظ رہی جب حسن ابدال ریلوے اسٹیشن سے چندسومیٹرکے فاصلے پرنامعلوم افرادنے ایک دیوہیکل کرین ریلوے لائن کے اوپرکھڑی کررکھی تھی جب خیبرمیل اپنے مقررہ وقت پر ہاؤسنگ کالونی کے مقام پرواقع پھاٹک لیول کراسنگ گیٹ نمبر87/2سے نکلی توٹرین کاانجن ٹریک پرپہلے سے کھڑی سڑک پراستعمال ہونے والی دیوہیکل مکسچرکرین کے ساتھ ایک زوردار تصادم کے ساتھ جا ٹکرایااورکرین کوٹریک سے نیچے پھینک دیاجس کے نتیجے میں کرین بری طرح پچک گئی تاہم ٹرین کسی بھی قسم کے نقصان سے مکمل طورپرمحفوظ رہی البتہ ریلوے لائن کے دونوں اطراف کے گھروں میں موجودافراد زورداردھماکے کی آوازیں سن کرگھبراگئے،ریلوے ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعہ دہشت گردوں کی جانب سے تخریب کاری کی کاروائی ہوسکتی ہے کیونکہ جائے حادثہ سے چندگزکے فاصلے پرریلوے پھاٹک ہونے کے باوجودٹریک پرکرین کو کھڑا کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی جبکہ چندفرلانگ آگے دوسراپھاٹک بھی موجودہے ،حادثے کی ایف آئی آراسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹراصغرعلی مرزاکی مدعیت میں ریلوے پولیس تھانہ راولپنڈی میں درج کرلیاگیاہے جبکہ دومشتبہ زخمی افرادکوگرفتاربھی کرلیاہے تاہم کرین کاڈرائیورجس کانام شہبازولدخوشی محمدمعلوم ہواہے موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیاہے۔