چینی بینک پاکستا ن سمیت 60ممالک میں سرمایہ کاری کررہا ہے

پیر 22 فروری 2016 15:07

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء) چین کے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)نے کام شروع کر دیا ہے اور وہ ایشیا میں ہوائی اڈوں کی تعمیر موبائل فون ٹاورز ، ریلوے اور شاہراؤں کی تعمیر کے لئے سرمایہ کاری کررہا ہے ۔ چین کے صدر ژی جن پنگ نے 2013ء میں بیلٹ اینڈ روڈ کا جو نظریہ پیش کیا تھا اس کے ذریعے چین کو یورپ ، وسطی اور مغربی ایشیا ء کے ساتھ ملانے کا تصور دیا گیا تھا اس کے تحت چین کا میری ٹائم سلک روڈ کے ذریعے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک افریقہ اور یورپ کے ملکوں سے شاہراؤں کے ذریعے زمینی رابطہ قائم ہو جائے گا ۔

دوبرسوں کے دوران بینک نے سلک روڈ کے لئے 40ارب ڈالر کا فنڈ فراہم کرنے کا پروگرام بنایا ہے ۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ بھی اسی کا ایک حصہ ہے جس کے ذریعے گوادر سے کاشغر تک شاہراہیں تعمیرکی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال مختلف چینی کمپنیوں نے 49ملکوں میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت 14.82ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ۔اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ چینی کمپنیوں نے بیلٹ اینڈ روڈ کے آس پاس کے 60ملکوں میں 3987منصوبوں کے معاہدے کئے جن پر 92.64ارب امریکی ڈالر کی لاگت آئے گی ۔

اے آئی آئی بی چینی صدر ژی کی ہدایت پر گذشتہ سال قائم کیا گیا تھا اور رواں سال جنوری میں اس کی بیجنگ میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان کے وزیر خزانہ سمیت کئی ملکوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :