کاٹھیہ ہاؤس کمالیہ پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن کا انعقاد، تنظیم سازی مہم کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کرنے کی ہدایات

پیر 22 فروری 2016 14:38

کمالیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) کاٹھیہ ہاؤس کمالیہ پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن کا انعقاد، تنظیم سازی مہم کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کرنے کی ہدایات۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ روز کاٹھیہ ہاؤس کمالیہ میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر صوبائی رہنماچوہدری محمد اشفاق ، سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات خالد احمد خان کھرل، میجر (ر) احمد نواز رہنما تحریک انصاف، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 89 تحریک انصاف ، چوہدری سعید احمد سعیدی، سردار خاورسعید گادھی رہنما تحریک انصاف، ساجدہ آصف کاٹھیا، آصف عباس کاٹھیا سمیت کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر صوبائی رہنما چوہدری محمد اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو لوگوں کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط پارٹی ابھر کر سامنے آئی ہے۔ جو لوگ پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑتے ہیں ان کی سیاسی شناخت ختم ہو کر رہ جاتی ہے۔ تقریب سے میجر (ر) احمد نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق ایم این اے ریاض فتیانہ کی جانب سے ہم پر شدید تنقید جاری ہے ، جب کہ حقائق اس کے برعکس ہیں، ہم الزام تراشی کی سیاست نہیں کرتے ہیں۔

تاہم جو لوگ پارٹی کے ساتھ وفادار نہیں وہ عوام کے ساتھ کیسے ہو سکتے ہیں۔ تقریب سے خاتون رہنما تحریک انصاف ساجدہ آصف کاٹھیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ممبرسازی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اور یہ مہم 15مارچ تک جاری رہے گی۔ کارکنان گلی گلی، محلے محلے پھیل جائیں ۔ تقریب سے چوہدری محمد سرور رحمانی ، آصف عباس کاٹھیا، ڈاکٹر افتخار علی انجم، میاں حسن نواز، سردار خاور سعید گادی، چوہدری سعید احمد سعیدی دیگر افراد نے بھی خطا ب کیا۔