شام میں جنگ بندی سے متعلق امریکہ اور روس کے درمیان عبوری معاہدہ طے پاگیا ہے۔جان کیری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 فروری 2016 09:58

شام میں جنگ بندی سے متعلق امریکہ اور روس کے درمیان عبوری معاہدہ طے پاگیا ..

واشنگٹن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22فروری۔2016ء) امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ جان کیری نے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی سے متعلق امریکہ اور روس کے درمیان عبوری معاہدہ طے پاگیا ہے۔ اردن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان اتفاقِ رائے کے بعد اب امریکی اور روسی سفارت کار اپنے اپنے شامی اتحادیوں کو معاہدے پر دستخط کرنے پر آمادہ کریں گے۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ اگر تمام فریقین معاہدے پر متفق ہوگئے تو شام میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی چند گھنٹوں میں رک جائے گی۔دونوں ملکوں کے سفارتی ذرائع نے تاحال جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ لیکن روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک نسبتاً محتاط بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ "شام میں جاری کشیدگی روکنے کے طریقہ کار پر بات چیت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ٹیلی فون پر شام میں گزشتہ پانچ برسوں سے جاری خانہ جنگی اور فریقین کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔گزشتہ روز شامی باغیوں کے مرکزی اتحادنے اعلان کیا تھا کہ اگر روس باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں پر بمباری روک دے تو وہ جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :