کچھ لوگوں کی خواہش ہے نیب پنجاب میں بھی کاروائی کر ے‘ مگر کاروائی وہاں ہی ہوسکتی ہے جہاں کر پشن اور لوٹ مار ہو گی ‘ پنجاب حکومت کے کسی منصوبے میں کوئی کر پشن نہیں ہو رہی ہے ،وزیر قانون پنجاب رانا ثنا ء اللہ خان کا انٹرویو

پیر 22 فروری 2016 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21فروری۔2016ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا ء اللہ خان نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی خواہش ہے نیب پنجاب میں بھی کاروائی کرے مگر کاروائی وہاں ہی ہوسکتی ہے جہاں کر پشن اور لوٹ مار ہو گی ‘پنجاب حکومت کے کسی منصوبے میں کوئی کر پشن نہیں ہو رہی ہے ‘پنجاب میں میرٹ اور شفافیات کی مثال کسی اور صوبے میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹر ویو کے دوران صو بائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ خان نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت کا پہلے دن سے کرپشن اور کر پٹ لوگوں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے بڑا واضح موقف ہے اور ہم سمجھتے ہیں جہاں کہیں بھی کرپشن اور لو ٹ ما رہی ہے وہاں ضرور ایکشن لیا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی روپے کی بھی کرپشن نہیں ہو رہی اگر کسی کے پاس کر پشن کے ثبوت ہیں تو وہ عدالتوں میں جائے ہم سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہمارے خلاف صرف شور مچاتی ہے انکے پاس ہمارے منصوبوں میں بدعنوانی کے کسی قسم کے کوئی ثبوت نہیں (ن) لیگ اور پنجاب حکومت کا دامن صاف ہے۔