وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کی ملاقات،وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیار کے رحجان کو فروغ دیا ہے‘ہماری سیاست کانصب العین عوام کی بے لوث خدمت اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لاناہے‘مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلا جواز تنقید کرنے والے عوام کی ترقی نہیں چاہتے‘وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی بات چیت

اتوار 21 فروری 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کانصب العین عوام کی بے لوث خدمت اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لاناہے،یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیزرفتاری اور شفافیت سے مکمل کررہی ہے اور وسائل کا رخ غریب اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے - وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کی متوازن پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں اربوں روپے کی لاگت کے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں جس سے کروڑوں عوام مستفید ہورہے ہیں- انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور قومی وسائل عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی جیبیں بھریں،اسی طرح دور آمریت میں ترقیاتی سکیموں کے نام پر کرپشن اورلوٹ مار کا بازار گرم رہاجبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیار کے رحجان کو فروغ دیا ہے اوراربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر نئی مثال قائم کی ہے ۔

(جاری ہے)

توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کاذکرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے توانائی کے منصوبوں پر شبانہ روز کام ہورہاہے اوراس مقصد کیلئے ہر ضروری کاوش کی جار ہی ہے - توانائی بحران کے خاتمے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، سرمایہ کاری کی ریل پیل ہو گی-انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کر کے اسے امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اپنی نسلوں کو پرامن اور محفوظ پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے - وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلا جواز تنقید کرنے والے عوام کی ترقی نہیں چاہتے اور اپنے دور حکومت میں عوام کو نظر انداز کرنے والوں کو اب عوامی فلاح کے منصوبوں پر تکلیف ہو رہی ہے - عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے مخالفین عوامی خدمت کی مخالفت کرتے رہیں، ہم عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اورآئندہ اڑھائی برس کے دوران عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے