حکومت کی میگا سکینڈلز پر اپوزیشن جماعتوں کو بریفنگ دینے کی پیشکش

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 21 فروری 2016 19:23

حکومت کی میگا سکینڈلز پر اپوزیشن جماعتوں کو بریفنگ دینے کی پیشکش

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری۔2016ء) چودھری نثار کہتے ہیں کہ سندھ حکومت کو کسی کیس پر تحفظات ہیں تو عدالت جائے، حکومت نیب سے خوفزدہ ہے نہ ناراض۔وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نیب سے ناراض یا خوفزدہ نہیں ہے۔ جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف نے نیب کو مسلم لیگ (ن) کیخلاف بنایا تھا۔

13 سال (ن) لیگ نیب کا نشانہ بنی رہی۔ ہماری دو سخت مخالف حکومتیں ہمارے خلاف کچھ نہیں نکال سکیں اب خوفزدہ کیوں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بیان کا مقصد نیب کے پر کاٹنا نہیں ہے۔ وزیراعظم نے بزنس مین کو خوف زدہ کرنے کے پس منظرمیں بیان دیا تھا۔ چودھری نثار نے کہا کہ بڑے گھپلوں میں اربوں روپے بے دردی کیساتھ کھائے گئے۔

(جاری ہے)

کیسز میں سیاسی لوگ شامل ہیں۔

اتنے گھمبیر کیسز تھے کہ اگر آگے نہ بڑھتے تو قومی جرم ہوتا۔ اگر پیپلز پارٹی بڑے گھپلوں میں غلط فہمی کا شکار ہے تو عدالتی سکروٹنی اور تمام متعلقہ اداروں کو بریفنگ دینے کے لیے تیار ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے۔ بہت سارے میگا کرپشن سکینڈلز پر ایف آئی اے تحقیقات کر رہی ہے۔ جمہوری حکومت میں آزاد عدلیہ موجود ہے۔

اپنے ڈھائی سالہ دور کو عدالتی تحقیقات کے لیے پیش کر دیا ہے۔ سندھ حکومت کو اگر نیب یا ایف آئی اے کی کارروائی پر اعتراض ہیں تو عدالت جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری آفر آصف علی زرداری صاحب کے واپس آنے پر مشروط نہیں ہے۔ زرداری واپس آئے یا نہ آئیں، اگر عدالتی کمیشن بنانے کے لیے تیار ہیں تو حکومت آگے بڑھے گی۔ جس پر تمام اپوزیشن پارٹیوں کا اتفاق ہو ان ججز پر کمیشن بنانے کے لیے بھی تیار ہیں۔

چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا چکی ہیں تاہم ان کے بارے واضح اعلان کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔ یہ انتہائی حساس معاملہ ہے۔ میڈیا قیاس آرائیوں سے گریزکرے۔ جو بھی فیصلے ہوں گے قانون کے مطابق ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کی روانگی کے لیے بھارتی حکومت خط لکھا ہے۔ بھارت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ آمد سے پانچ دن پہلے بتا دیا جائے۔ ہماری سپیشنل انویسٹی گیشن ٹیم آئندہ چند دنوں بعد بھارت جائے گی۔ چودھری نثار نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے بھارت نے ہم سے کچھ نمبر شیئر کیے ہیں جنہیں ایف آئی آر کا حصہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :