علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا مادری زبانوں پر تحقیقی کام شروع کرنے کا فیصلہ

اتوار 21 فروری 2016 17:26

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 فروری۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہاہے کہ اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں مختلف لسانی گروپوں کے باہمی رابطے کی مضبوطی کے لئے مادری زبانوں پر تحقیقی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے اوراس ضمن میں جامع حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے " ماد ری زبانوں کے عالمی دن" کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام جامعات میں علا مہ اقبا ل اوپن یو نیو رسٹی واحد ادارہ ہے جس میں پاکستانی زبانوں اور ان کے ادب کے فروغ کے لئے ایک متحرک اور مضبوط شعبہ "پاکستانی زبانیں و ادب" کئی سال سے کام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس شعبے نے ملک کے مختلف حصوں کی زبانوں، بطور خاص ان زبانوں کے لئے جن کا وجود خطرے میں ہے ،کو از سر نو فروغ دینے اور ان کی حیثیت بحال کرنے کے لئے نہایت مفید اور موثر خدمات انجام دی ہیں ۔

پاکستانی زبانوں کے فروغ میں اوپن یونیورسٹی کا نمایاں کردار دیگر اداروں کے لئے قابل تقلید ہے  اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس شعبے کو تمام ضروری سہولتوں سے آراستہ کرکے مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ یہ شعبہ پاکستان کے ہر علاقے کی زبان کے فروغ میں سب سے نمایاں کردار ادا کرسکیں۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ زبانیں صرف ابلاغ کا ایک آلہ نہیں ہے بلکہ یہ تشخص کی ایک اہم شناخت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف زبانیں اور ثقافت ہی پاکستان کی اصل خوبصورتی ہے ایک میگا یونیورسٹی کی حیثیت سے  اوپن یونیورسٹی پاکستان کی اس خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور اس میں اضافہ کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی نے حال ہی میں پاکستانی زبانوں کے فروغ کے لئے ایک 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زبان ہی تو ترقی کی بنیادی سیڑھی ہے  کسی علاقے کے لوگوں کو تعلیم و تربیت دینے کے لئے اس علاقے کی زبان پر عبور ہونا ضروری ہے زبان سے ہم ان کے دل جیت سکتے ہیں  ہم ان کو تعلیم یافتہ اور مفید شہری بنا سکتے ہیں۔ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے اوپن یونیورسٹی میں قائم شعبہ پاکستانی زبانیں و ادب نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ چینی زبان کے فروغ کے لئے عنقریب چین کی اوپن یونیورسٹی کے اکیڈمک سپورٹ سے "چائنیز لینگوئج اینڈ کلچرل سنٹر"قائم کیا جائے گا

متعلقہ عنوان :