صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے پاکستان میں بوسنیا کے سفیر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اتوار 21 فروری 2016 17:15

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 فروری۔2016ء) صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے پاکستان میں بوسنیا و ہرزوگوینا کے سفیر نیدم میکاروچ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور شعبہ تعلیم میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیاگیا۔

دوران ملاقات بوسنیا کے سفیر نے امت مسلمہ کے لیے اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ جامعہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مسلم دنیا کے نوجوانوں کی بہترین تربیت کر رہی ہے ۔ انہوں نے اسلام کے پیغام امن کو عام کرنے کے لیے جامعہ کی طرف سے منعقد کی گئی کانفرنسوں اور سیمینار روں کے اقدام کی بھی تعریف کی ۔اس موقع پر ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ جامعہ تمام مسلم ممالک کی جامعات کے ساتھ باہمی تعلیمی تعلقات کو وسعت دینا چاہتی ہے اور اسلامی یونیورسٹی میں عالم اسلام کے بے شمار طلباء طالبات زیر تعلیم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور یہی بات اور دین اسلام کا درست تاثر اقوام عالم تک پہنچانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر الدریویش نے اس موقع پر غیر مسلموں کے ساتھ تعلقات ، اور اعتدال جیسے موضوعات پر لکھی گئی اپنی 50 کے قریب کتب بارے بھی بوسنیا کے سفیر کو بتایا۔ ملاقات کے آخر میں صدر جامعہ کی طرف سفیر کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :